تلنگانہ

زائد کرایہ سے مسافرین کی ٹی ایس آر ٹی سی بسوں سے دوری

اس کی وجہ یہ بتائی جارہی ہے کہ تلنگانہ آر ٹی سی بس کرائے بہت زیادہ ہیں۔ اسی لئے وہ ٹی ایس آر ٹی سی کی بسوں میں سفر کرنے سے قاصر ہیں۔

حیدرآباد: ٹی ایس آر ٹی سی بس کرایوں میں اضافہ پر کئی مسافرین خصوصیت کے ساتھ حیدرآباد سے بنگلور، حیدرآباد۔ ممبئی اور حیدرآباد سے آندھرا پردیش کے مختلف مقامات جانے کیلئے تلنگانہ آر ٹی سی کی بین ریاستی بس خدمات سے استفادہ نہیں کررہے ہیں۔

ٹی ایس آر ٹی سی کے بجائے یہ مسافرین، دیگر متبادل ذرائع استعمال کرنے پر مجبور ہوئے ہیں۔ اس کی وجہ یہ بتائی جارہی ہے کہ تلنگانہ آر ٹی سی بس کرائے بہت زیادہ ہیں۔ اسی لئے وہ ٹی ایس آر ٹی سی کی بسوں میں سفر کرنے سے قاصر ہیں۔

واضح رہے کہ پہلے وویک اینڈس پر ٹی ایس آر ٹی سی بسوں میں ایکوپنسی کی شرح صدفیصد ہوا کرتی تھی۔ وویک اینڈس میں بھاری مانگ کو مدنظر رکھنے کارپوریشن، کرایوں میں مختلف چارجس کے نام پر اضافہ کرتا رہا جس کی وجہ سے مسافرین پر اضافی کرایہ ناقابل برداشت بوجھ بن گیا اور اب یہ مسافرین، دوسرے متبادل خدمات سے استفادہ کرنے پر مجبور ہوئے ہیں۔

تلنگانہ آ رٹی سی نے جب سے بس کرایوں میں اضافہ کیا ہے تب سے کارپوریشنوں کی اے سی بسوں میں ایکوپنسی (مسافرین کی تعداد) کی شرح تیزی کے ساتھ گھٹتی گئی۔ کنڈکٹر س کے مطابق اے سی بسوں میں مجموعی طور پر یومیہ10 سے 15 مسافرین ہی سفر کررہے ہیں۔

ایک کنڈکٹر نے بتایا کہ مسافرین، کرایہ کے بارے میں معلومات حاصل کررہے ہیں اور پھر بعد میں اے سی بسوں میں سفر سے گریز کررہے ہیں۔ حیدرآباد سے بنگلور کیلئے اے سی بس میں ایک شخص کا کرایہ1200سے1300 کے درمیان ہے جبکہ کرناٹک کارپوریشن کی بسوں میں یہ کرایہ فی کس ایک ہزارروپے ہے۔

یہی وجہ ہے کہ مسافرین ٹی ایس آر ٹی سی کے بجائے دیگر ریاست کی کارپوریشن کی بسوں کے ذریعہ سفر کرنے کو ترجیح دے رہے ہیں اور کرناٹک اور مہاراشٹرا کی بسوں میں مسافرین کا ہجوم بڑھ گیا ہے۔ ہجوم کو کم کرنے کیلئے دونوں ریاستوں کے آر ٹی سی انتظامیہ زائد بسیں چلا رہا ہے۔

حیدرآباد بنگلور سفر کرنے والے ایک مسافر نے جو اکثر بنگلور جایا کرتے ہیں، نے بتایا کہ کے ایس آر ٹی سی کی ایرات کلب کلاس بس سرویس میں فی کس کرایہ ایک ہزار روپے اور دن کے وقت میں یہ کرایہ صرف800 روپے ہے اور کے ایس آر ٹی سی کی راج ہمسامیں اگزیکٹیو کرایہ840 روپے ہے۔

جبکہ ٹی ایس آر ٹی سی کی گروڈا سرویس میں ایک مسافر کو کرایہ کے طور پر 1200 روپے ادا کرنے پڑتے ہیں جبکہ سوپر لکثرری میں یہ کرایہ950 روپے وصول کیا جاتا ہے۔ زائد کرایہ کی وجہ سے مسافرین، ٹی ایس آر ٹی سی سے دور ہورہے ہیں۔