تلنگانہ

سبیتا اندرا ریڈی کی رہائش گاہ پر این ایس یو آئی کارکنوں کا دھرنا

این ایس یو آئی کارکنوں نے سرکاری ہاسٹلس میں قیام پذیر طلباء کے مسائل کو حل کرنے میں ناکامی کے خلاف وزیر تعلیم سبیتا ریڈی کی رہائش گاہ پر احتجاجی دھرنا منظم کیا۔

حیدرآباد: این ایس یو آئی کارکنوں نے سرکاری ہاسٹلس میں قیام پذیر طلباء کے مسائل کو حل کرنے میں ناکامی کے خلاف وزیر تعلیم سبیتا ریڈی کی رہائش گاہ پر احتجاجی دھرنا منظم کیا۔

صدر بی وینکٹ کی قیادت میں این ایس یو آئی کارکن ہاتھوں میں پلے کارڈ تھامے ہوئے تھے جس پر ”طالب علم کے قاتل کے سی آر“ تحریر تھا۔

حکومت کے خلاف نعرے بلند کرتے ہوئے احتجاج کیا گیا۔ صدر وینکٹ نے کہا کہ نئے تعلیمی سال کے آغاز پر سرکاری گروکل اسکولوں اور باسر آئی آئی ٹی میں زیر تعلیم طلباء سمیت غذا کے استعمال سے بیمار ہوگئے۔ اور کئی طلبا کو ہاسپٹل منتقل کیا گیا۔

انہوں نے الزام عائد کیا کہ سرکاری ہاسٹلس میں فوڈ سپلائی کرنے والے کنٹراکٹرس، عہدیدار کمیشن وصول کررہے ہیں۔ سمیت غذا کی سربراہی کے باوجود وزیر تعلیم نے کنٹراکٹرس کے خلاف کوئی کاروائی نہیں کی۔

ورنگل کے آئی آئی ٹی کے طالب علم سنجے جو سمیت غذا کے استعمال سے متاثر ہونے کے بعد انہیں دواخانہ منتقل کیا گیا تھا جہاں دوران علاج ان کی موت واقع ہوگئی لیکن وزیر تعلیم نے متوفی طالب علم کے مکان جاکر ورثاء کو پرسہ تک نہیں دیا۔

پی وینکٹ نے الزام عائد کیا کہ وزیر تعلیم طلباء کے مسائل کوحل کرنے کی بجائے اپنے حلقہ کے مسائل حل کرنے میں مصروف ہیں۔ پولیس نے احتجاجی کارکنوں کو حراست میں لے کر پولیس اسٹیشن منتقل کیا۔