تلنگانہ

سرکاری دواخانوں میں آلات کی مرمت،17کروڑ منظور

ریاستی وزیر صحت ٹی ہریش راؤ نے کہا کہ ریاست کے تمام سرکاری دواخانوں میں طبی آلات اور مشنری کے مینٹننس کیلئے17کروڑ روپے منظور کئے گئے ہیں۔

حیدرآباد: ریاستی وزیر صحت ٹی ہریش راؤ نے کہا کہ ریاست کے تمام سرکاری دواخانوں میں طبی آلات اور مشنری کے مینٹننس کیلئے17کروڑ روپے منظور کئے گئے ہیں۔

تلنگانہ اسٹیٹ میڈیکل سرویسس انفرااسٹرکچر ڈیولپمنٹ کارپوریشن کے صدر دفتر واقع کوٹھی میں مینٹننسس یونٹ کا افتتاح انجام دینے کے بعد خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ریاست کے سرکاری دواخانوں میں تقریباً1020 الیکٹرانک طبی آلات ہیں اور ہر ایک آلہ کی قیمت پانچ لاکھ تا ایک کروڑ کے آس پاس ہے۔

سابق میں اگر کسی دواخانہ میں کوئی آلہ یا مشنری خراب ہوجاتی تھی تو مرمت کیلئے کافی وقت لگتا تھا جس کی وجہ سے مریض خانگی دواخانوں کی خدمت حاصل کرنے کیلئے مجبور ہوجاتے تھے۔ اب اس پالیسی میں تبدیلی لائی گئی ہے۔

اب نئی پالیسی کے تحت مشنری میں خرابی کی صورت میں محض چند گھنٹوں میں اس کی مرمت کردی جائے گی جیسا کہ خانگی دواخانوں میں ہوتا ہے۔ اس کیلئے حکومت کی جانب سے فعال وکارکرد ہیلپ لائن اور ای میل آئی ڈی تیار کی گئی ہے جہاں دواخانہ کے سپرنٹنڈنٹ اپنی شکایت درج کراسکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ مشنری میں خرابی کی صورت میں 8888526666 پر شکایت کی جاسکتی ہے جس کے بعد حکومت متعلقہ ٹیکنیشن کو اطلاع فراہم کرتے ہوئے مسئلہ کو حل کرے گی۔ انہوں نے تمام دواخانوں میں ضروری ادویات کی فہرست EML (ESSENTIAL MEDICINES LIST)اور اضافی فہرست ادویات AML(Aditional Medicines List) رکھنے کی ہدایت دی گئی ہے۔

وزیر صحت نے کہا کہ تلنگانہ سے ڈاکٹرس کی ایک ٹیم کو ٹاملناڈو بھیجا گیا تھا جہاں انہوں نےAML اورEML کا جائزہ لیا۔ اب اس طریقہ کار کو تلنگانہ میں بھی اختیار کیا جائے گا۔ اس فہرست سے تلنگانہ کے دواخانوں میں موجود دواؤں کے متعلق محکمہ کو واقفیت رہے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ سابق میں اس فہرست میں 720 دوائیں تھیں مگر ٹاملناڈو کی فہرست کا جائزہ لینے کے بعد تلنگانہ کی فہرست میں ادویات کی تعداد کو850 کردیا گیا ہے۔

اس کے علاوہ جاریہ مالی سال کے دوران ادویات کیلئے سالانہ بجٹ میں 500کروڑ روپے مختص کئے گئے ہیں۔ اس بجٹ کا 20فیصد حصہ ہاسپٹل سپرنٹنڈنٹس کو دیا گیا تاکہ اگر کوئی دوا دواخانہ میں دستیاب نہ ہو اور ایمرجنسی حالت کا سامنا ہو تو اس رقم سے فوری دواخریدی جاسکے۔

کووڈ19 ٹیکہ اندازی کے متعلق ہریش راؤ نے کہا کہ ریاستی حکومت کی جانب سے مرکزی حکومت سے 50لاکھ ڈوز جاری کرنے کا مطالبہ کیا گیاتھا تاہم مرکزی حکومت نے 5 تا10لاکھ ڈوزس جاری کئے۔ انہوں نے عوام سے آگے آکر احتیاطی ڈوز لینے کی اپیل کی۔

انہوں نے تلنگانہ کے سرکاری دواخانوں میں آپریشن کے ذریعہ زچگی کے واقعات میں آئی کمی آنے پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سابق میں صرف ایک سال میں آپریشن کے ذریعہ زچگی کے واقعات 47 فیصد سے کم ہو کر 45فیصد ہوگئے جبکہ سرکاری دواخانوں میں یہ شرح 81 فیصد سے کم ہو کر 76 فیصد ہوگئی۔