تلنگانہ

عوام کوفرقہ پرست طاقتوں کے خلاف لڑنے کا مشورہ : کے چندر شیکھر راؤ

چیف منسٹرکے چندرشیکھرراؤ نے ریاست کے عوام پرزوردیا کہ وہ فرقہ پرست طاقتوں کے خلاف اپنی لڑائی کوجاری رکھیں ان کا اشارہ بی جے پی اورآرایس ایس کی طرف تھا۔

حیدرآباد: چیف منسٹرکے چندرشیکھرراؤ نے ریاست کے عوام پرزوردیا کہ وہ فرقہ پرست طاقتوں کے خلاف اپنی لڑائی کوجاری رکھیں ان کا اشارہ بی جے پی اور آر ایس ایس کی طرف تھا۔

فرقہ پرست طاقتیں ملک میں امن کے ماحول کو درہم برہم کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔آزادی کی ڈائمنڈجوبلی تقاریب کے اختتامی پروگرام سے جو پیر کے روز یہاں ایل بی اسٹیڈیم میں منعقدہوا‘خطاب کرتے ہوئے چیف منسٹرکے چندرشیکھرراؤ نے کہاکہ عوام کے بے مثال قربانیوں کے بعدہمارے ملک کوانگریزوں کی غلامی سے آزادی ملی۔

بابائے قوم مہاتماگاندھی کے بتائے ہوئے عدم تشدد کی راہ پر چلتے ہوئے مجاہدین آزادی نے آزادی کی لڑائی لڑی اورملک کوآزادکرایا۔انہوں نے کہاکہ بیرونی ممالک میں ہمارا سرفخر سے اس وقت اونچاہوجاتاہے جب بیرونی ممالک کے افراد یہ پوچھتے ہیں کہ آپ مہاتما گاندھی کے وطن سے آئے ہیں۔

دنیا کے کئی ممالک میں گاندھی جی کے مجسمے نصب کئے گئے اور کئی ممالک کے لابرئریوں میں گاندھی جی کی تعلیمات پڑھائی جارہی ہیں۔انہوں نے کہاکہ چند فرقہ پرست طاقتیں‘ملک اورگاندھی جی کی تعلیمات کومسخ کررہے ہیں اور یہ کام صرف حقیرمفادات کے لئے کیا جارہاہے۔ملک کی ترقی کے لئے فرقہ پرست اورامن دشمن طاقتوں کے عزائم کو ناکام بنانے کی ضرورت ہے۔

اس موقع پرچیف منسٹرکے سی آر نے ریاست کے تین کھلاڑیوں جنہوں نے دنیا بھرمیں ملک وریاست کانام روشن کیا‘کوتہنیت پیش کی۔انہوں نے مجاہدین آزادی کے ساتھ نکہت زرین (باکسنگ)‘آکولہ سریجا(ٹیبل ٹینس)اورحسام الدین (باکسنگ) کو بھی تہنیت پیش کی۔

پروگرام کے دوران عالمی شہرت یافتہ وارثی برادرس نے قوالیاں پیش کی۔مشہور سنگرشنکر مہادیون نے اپناکنسرٹ پیش کیا۔انہوں نے حب الوطنی کے کئی گیت گائے۔پولیس کی جانب سے سیکوریٹی کے سخت انتظامات کئے گئے تھے۔پروگرام کے اختتام سے قبل بڑے پیمانے پر آتشبازی کی گئی۔