تلنگانہ

تلنگانہ کے کئی علاقوں میں شدید بارش، کئی کالونیاں زیرآب

تلنگانہ میں کئی مقامات پر شدید بارش ہورہی ہے۔ حیدرآباد کے بیشترعلاقوں میں بارش کا سلسلہ جاری ہے۔

حیدرآباد: تلنگانہ میں کئی مقامات پر شدید بارش ہورہی ہے۔ حیدرآباد کے بیشترعلاقوں میں بارش کا سلسلہ جاری ہے۔

متعلقہ خبریں
امیت شاہ اور پرینکا گاندھی کے دورے ملتوی
ماہ صیام کا آغاز، مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اعلان
بی آر ایس کے مزید 2 امیدواروں کا اعلان، سابق آئی اے ایس و آئی پی ایس عہدیداروں کو ٹکٹ
بی آر ایس قائد ملا ریڈی کی کانگریس میں شمولیت کا امکان
حیدر آباد کو بھاگیہ نگر بنانے بی جے پی امیدوار مادھوی لتا کی مہم

بنجارہ ہلز، جوبلی ہلز، پنجہ گٹہ، امیرپیٹ، بورابنڈہ، کوکٹ پلی، مادھاپور، فلم نگر اور دیگر علاقوں کی بعض کالونیاں زیر آب آگئیں۔ کئی مقامات پر بجلی کی سپلائی میں رکاوٹ کے باعث عوام کو مشکلات کا سامنا کرناپڑرہا ہے۔

حیدرآباد کے محکمہ موسمیات نے ریڈ الرٹ جاری کرتے ہوئے کہا کہ کل کئی مقامات پر شدید سے شدید ترین بارش کا امکان ہے۔

گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران شیورام پلی اور ملک پیٹ میں سب سے زیادہ 7.8 سنٹی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔

ایل بی نگر، حیات نگر، چندا نگر اور کاروان میں 7 سنٹی میٹر سے زیادہ بارش ریکارڈ کی گئی۔میئر حیدرآباد جی وجئے لکشمی نے جی ایچ ایم سی کے عہدیداروں کو چوکس رہنے کی ہدایت دی۔

شہر میں بارش کے باعث دیوار گرنے کے دو واقعات ریکارڈ کئے گئے جبکہ 12 مقامات پر درخت جڑوں سے اکھڑ گئے۔ عہدیداروں نے انکشاف کیا کہ بارش کے پانی کی 267 شکایات موصول ہوئیں اور 177 شکایات کی یکسوئی کی گئی۔

دریں اثناء بالائی علاقوں میں موسلادھار بارش کی وجہ سے سیلاب کا پانی حمایت ساگر اور عثمان ساگر کی آبی سطح میں اضافہ ہورہا ہے۔

ریاست کے کئی اضلاع میں موسلادھار بارش ہوئی۔ ہنمکنڈہ، قاضی پیٹ اور ورنگل میں سڑکیں زیر آب آ گئیں۔

بارش کے باعث موٹرسائیکلں سڑکوں پر پھنس گئیں۔ نکاسی آب کے نظام کی ابتر صورتحال کے باعث عوام نے تشویش کا اظہار کیا کہ تھوڑی سی بارش میں بھی سیوریج کا پانی سڑک پر آجاتا ہے۔

ضلع سدی پیٹ کے حسن آباد میں موسلادھار بارش کی وجہ سے بجلی کی سپلائی میں خلل پڑا۔ جئے شنکر بھوپال پلی کے کئی علاقوں میں بھی بارش کے سبب عوام کو مشکل صورتحال کا سامنا کرناپڑا۔

ضلع نلگنڈہ کے مری گوڈا میں سب سے زیادہ 35.5 ملی میٹر، تریپورم میں 26.0 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔محکمہ موسمیات نے ضلع بھر کیلئے آرینج الرٹ جاری کیا ہے۔

جنگاوں ضلع میں 81.3% بارش ریکارڈ کی گئی۔ متحدہ ضلع کھمم میں بعض مقامات پر شدید بارش ہوئی۔ کھمم، ستوپلی اور دیگر علاقوں میں موسلادھار بارش ہوئی، بھدرادری کوتہ گوڑم ضلع میں بھی ہلکی تاشدید بارش ہوئی۔

جبکہ ضلع میں سب سے زیادہ بارش پیناپاکا میں ہوئی ۔محبوب آباد میں گزشتہ ایک ہفتہ سے جاری بارش کی وجہ سے کیسمودرم اور گڈور منڈلوں میں ٹریفک رک گئی ہے۔