منگوڈ کی ترقی کے سی آر کے ذریعہ ہی ممکن
وزیر افزائش مویشیان و سمکیات ٹی سرینواس یادو نے کہاکہ حلقہ اسمبلی منگوڈ کی ترقی ٹی آر ایس سے ہی ممکن ہے۔

حیدرآباد: وزیر افزائش مویشیان و سمکیات ٹی سرینواس یادو نے کہاکہ حلقہ اسمبلی منگوڈ کی ترقی ٹی آر ایس سے ہی ممکن ہے۔
آج منگوڈ کے نامپلی منڈل میں روڈ شو سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ کومٹ ریڈی راجگوپال ریڈی نے منگوڈ کے عوام کے ساتھ دھوکہ کیا۔
تین سال کے دوران عوام کے اعتماد کے ساتھ کھلواڈ کیا۔ عوام نے بڑے اعتماد اور توقعات کے ساتھ راج گوپال ریڈی کو منتخب کیا تھا مگر راج گوپال ریڈی عوام کو توقعات کو پورا کرنے میں ناکام رہے‘ ایک بھی وعدے کو پورا نہیں کیا۔
نہ عوام کی توقعات پوری کی گئیں اور نہ اپنی جماعت کانگریس سے وفاداری نبھائی۔ اپنے فائدے کی خاطر بی جے پی کے ہاتھوں فروخت ہوگئے۔ ان کا اقدام عوام کو فروخت کردینے کے مصداق ہے۔ سرینواس یادو نے کہاکہ عوام کو کانگریس اور بی جے پی سے کوئی فائدہ نہیں ہے۔
کے سی آر تمام مسائل حل کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ اس لئے ٹی آر ایس امیدوار کے پربھاکر ریڈی کو بھاری اکثریت سے کامیاب بنائیں۔ وزیر زراعت ایس نرنجن ریڈی نے کہاکہ منگوڈ ضمنی انتخاب میں کانگریس اور بی جے پی دوسرے مقام کے لئے مقابلہ کررہے ہیں۔
آج منگوڈ کے مری گڈم میں انتخابی مہم چلاتے ہوئے انہوں نے کہاکہ منگوڈ کے دور اندیش اور باشعور عوام نے انتخابات سے قبل ہی ٹی آر ایس کو کامیاب بنانے کا فیصلہ کرلیا ہے۔ انہوں نے کانگریس اور بی جے پی قیادت سے جاننا چاہا کہ وہ کیا منہ لیکر عوام سے ووٹ مانگ رہے ہیں؟
نرنجن ریڈی نے کہاکہ بی جے پی کی جانب سے عوام پر ضمنی انتخاب مسلط کیاگیا اور کانگریس کی اپنے رکن اسمبلی کو پارٹی میں برقرار رکھنے میں ناکام سے عوام کو ضمنی انتخاب کے سردرد کو برداشت کرنا پڑرہا ہے۔ نرنجن ریڈی نے کہاکہ ٹی آر ایس کی کامیابی طئے ہے اور ہم کو اپنی کامیابی پر اس لئے بھی بھروسہ ہے کہ ہم نے وہ سب کچھ کر دکھایا جو 7 دہوں میں مختلف حکومتیں کر دکھانے سے قاصر تھی۔
ہم نے محض 8 سال کے مختصر سے عرصہ کے دوران ضلع نلگنڈہ کو 7 دہوں کے فلوریس مسئلہ سے نجات دلائی‘ مشن بھگیرتا کے ذریعہ ہر گھر کو صاف شفاف پینے کے پانی کی فراہمی کو یقینی بنایا‘ غریب لڑکیوں کی شادی کے لئے کلیان لکشمی اسکیم کے تحت مالی مدد فراہم کی‘ پریشان حال کسانوں کو کاشت کاری کے لئے رعیتو بندھو اوررعیتو بیما اسکیم شروع کی۔ انہوں نے کہاکہ عوام کی ٹی آر ایس کے ساتھ ہی اور ٹی آر ایس امیدوار کے پربھاکر ریڈی کی کامیابی صد فیصد یقینی ہے۔