تلنگانہ

وٹرنری یونیورسٹی میں ریاگنگ 34 سینئر طلبا فوری طور پر معطل

پی وی نرسمہا راؤ تلنگانہ وٹرنری یونیورسٹی میں جونیر طلباء کے ساتھ ریاگنگ کے الزام میں 34طلباء کو معطل کردیا گیا ہے۔

حیدرآباد: پی وی نرسمہا راؤ تلنگانہ وٹرنری یونیورسٹی میں جونیر طلباء کے ساتھ ریاگنگ کے الزام میں 34طلباء کو معطل کردیا گیا ہے۔

شکایت ملنے کے بعد داخلی طور پر تحقیقات انجام دیتے ہوئے34 سینئر طلباء کو معطل کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ اطلاعات کے مطابق جونیر طلباء جو بہت اُمیدوں کے ساتھ وٹرنری ڈگری کورس میں داخلہ لیا تھا کو سینئر طلباء کی ہراسانی کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

یونیورسٹی کی جانب سے34 طلباء کو معطل کردیا گیا جن میں سے25کو کالج اور ہاسپٹل اور کلاس میں آنے پر پابندی لگائی گئی ہے اور باقی9 کو یونیورسٹی ہاسٹل میں قیام اور یونیورسٹی کی گاڑیوں کے استعمال پر پابندی عائد کی گئی۔

بتایا جارہاہے کہ متاثرہ طلباء نے پرنسپل سے شکایت کی تھی کہ بی وی ایس سی کورس کے تیسرے اور چوتھے سال میں زیر تعلیم34طلباء، انہیں ہراساں کررہے ہیں۔ اس شکایت پر یونیورسٹی کے پروفیسر س پر مشتمل کمیٹی تشکیل دیتے ہوئے ان الزامات کی تحقیقات کرنے کی ذمہ داری تفویض کی گئی تھی۔

یونیورسٹی کی جانب سے ہراسانی میں ملوث 34طلباء کو گذشتہ2ہفتوں سے جونیر طلباء کو ہراساں کرنے کی پاداش میں فوری معطل کرنے کا فیصلہ کیا۔ مکمل رپورٹ حاصل ہونے کے بعد مزید سخت کاروائی کرنے کا امکان ہے۔