تلنگانہ

ٹی آر ایس کی توجہ نلگنڈہ کے منگوڈ حلقہ اسمبلی پر مرکوز

ٹی آر ایس قائدین کا احساس ہے کہ رکن اسمبلی منگوڈ کومٹ ریڈی راجگوپال ریڈی کا رکنیت اسمبلی اور کانگریس پارٹی سے مستعفی ہونا یقینی ہے اور ضمنی انتخابات کا انعقاد ناگزیر ہوجائے گا۔

حیدرآباد: حکمران جماعت ٹی آر ایس نے ضلع نلگنڈہ کے حلقہ اسمبلی منگوڈ پر اپنی ساری توجہ مرکوز کئے ہوئے ہے۔

ٹی آر ایس قائدین کا احساس ہے کہ رکن اسمبلی منگوڈ کومٹ ریڈی راجگوپال ریڈی کا رکنیت اسمبلی اور کانگریس پارٹی سے مستعفی ہونا یقینی ہے اور ضمنی انتخابات کا انعقاد ناگزیر ہوجائے گا۔

ان ضمنی انتخابات کا سامنا کرنے کے لئے ابھی سے لائحہ عمل تیار کیا جارہا ہے۔ گذشتہ تین دنوں سے پرگتی بھون میں اس سلسلہ میں سرگرمیاں تیز ہوگئی ہیں۔ ٹی آر ایس قائدین کے مطابق راجگوپال ریڈی اور بی جے پی قیادت کے درمیان ہوئی بات چیت کی رو سے اگست کے اواخر تک راجگوپال ریڈی رکنیت اسمبلی سے مستعفی ہوجائیں گے۔

مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ اور راجگوپال ریڈی کے درمیان گذشتہ چند روز قبل ہوئی ملاقات کے بعد سے ہی کے سی آر نے جگدیش ریڈی کے ساتھ منگوڈ ضمنی انتخابات کے موضوع پر بات چیت شروع کردی۔ اس حلقہ میں گذشتہ بار ٹی آر ایس امیدوار کی شکست کی وجوہات کا جائزہ لیا گیا۔

فوری طور پر گٹ اپل منڈل کی تشکیل کا اعلان کیا گیا۔ دنڈی لفٹ اور اریگیشن پراجکٹ کے زیر التواء کاموں کو جلد از جلد مکمل کرنے‘ اراضیات سے محروم افراد کو معاوضہ کی فراہمی‘ قبائلیوں کے زیر استعمال اراضیات کا پٹہ حوالے کرنے‘ قومی شاہراہوں کی تعمیر جیسے اہم امور پر توجہ دینے کا فیصلہ کیا۔ کٹ اُپل کے کانگریس اور بی جے پی قائدین کو ٹی آر ایس میں شامل کرنے آپریش آکرش منگوڈ شروع کرنے پارٹی قائدین کو ہدایت دی گئی ہے۔