تلنگانہ

”ہر اتوار کو گھر میں صفائی کریں“: ہریش راؤ

وزیر ہریش راؤ نے از خود، اپنے مکان کے اطراف علاقہ میں صفائی کی اور ٹھہرے ہوئے پانی کی نکاسی کو یقینی بنایا تاکہ مچھروں کی افزائش نہ ہو۔ انہوں نے تمام عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنے مکانات کے اطراف علاقوں میں پانی کو ٹھہرنے نہ دیں اور کچرے کی صفائی کو یقینی بنائیں۔

حیدرآباد: ریاستی وزیر صحت وفینانس ٹی ہریش راؤ نے آج کہا کہ ”ہماری صحت ہمارے ہاتھوں میں ہے“ انہوں نے تمام طبقات کے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ ہر اتوار کو کچرے کی صفائی کیلئے صرف10منٹ کا وقت دیں اور ڈینگو کے پھیلاؤ کو روکنے کیلئے مکانات کے قریب ٹھہرے ہوئے پانی کی نکاسی کریں۔

ڈینگو کے پھیلاؤ کو روکنے کے اقدامات کے حصہ کے طور پر ریاستی وزیر صحت ہریش راؤ نے اپنے مکان کے احاطہ میں صفائی پروگرام کا اہتمام کیا۔

وزیر ہریش راؤ نے از خود، اپنے مکان کے اطراف علاقہ میں صفائی کی اور ٹھہرے ہوئے پانی کی نکاسی کو یقینی بنایا تاکہ مچھروں کی افزائش نہ ہو۔ انہوں نے تمام عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنے مکانات کے اطراف علاقوں میں پانی کو ٹھہرنے نہ دیں اور کچرے کی صفائی کو یقینی بنائیں۔

انہوں نے کہا کہ ڈینگو کا مچھر دن میں ہی کاٹتا ہے۔ ان حالات میں ہم تمام کی ذمہ داری ہے کہ ڈینگو کے پھیلاؤ کو روکنے، مکانات کے قریب پانی ٹھہرنے نہ دیں۔دوسری طرف چیف سکریٹری تلنگانہ سومیش کمار نے ہر اتوار کو10بجے دن 10 منٹ کی ایک شارٹ فلم جاری کی ہے۔

اس پروگرام کے تحت منتخب عوامی نمائندوں جن میں وزراء، ارکان اسمبلی، جی ایچ ایم سی کے کارپوریٹرس اورعہدیدار، ریسڈنٹ ویلفیر اسوسی ایشن سوسائٹیوں کے ارکان شامل ہیں، اپنے اپنے گھروں کے اطراف کچرے کی صفائی اور پانی کی نکاسی کو یقینی بنایا ہے۔ صفائی کا یہ پروگرام آج شہر کے مختلف علاقوں میں منعقد ہوا۔

ہر اتوار کو10بجے دن 10 منٹ کیلئے صفائی پروگرام کے انعقاد اور اس سلسلہ میں تشہیر کیلئے پمفلٹس بھی تقسیم کئے گئے ہیں۔یو این آئی کے مطابق مئیرحیدرآباد نے ہر اتوار کو دس بجے دن دس منٹ کے پروگرا م کا آغازکیا۔اس پروگرام کے تحت گریٹرحیدرآباد میونسپل کارپوریشن (جی ایچ ایم سی)کے عہدیدار، مقامی افراد کے ساتھ مل کر مکانات اور اطراف میں جمع پانی کی نکاسی کا کام کررہے ہیں کیونکہ اس پانی کے نتیجہ میں مچھروں کی افزائش ہوتی ہے۔

یہ پروگرام شہر حیدرآبا دکے مختلف علاقوں میں منعقد کیاگیا۔ میئر نے شہریوں سے خواہش کی کہ وہ مچھروں کی روک تھام میں حصہ لیں۔انہوں نے نشاندہی کرتے ہوئے کہا کہ ہر اتوار کو گھر کے اندر اور باہر گھر کے ہر فرد کو چاہیے کہ وہ 10منٹ تک صفائی کی سرگرمیاں انجام دیں تاکہ ہم مچھروں سے پھیلنے والی بیماریوں سے محفوظ رہیں۔

مئیر نے واضح کیا کہ جی ایچ ایم سی کے تحت تمام 4846 کالونیوں میں مچھروں کو روکنے کے لیے بھرپور کوششیں کی گئی ہیں۔ میئر نے بتایا کہ بلدیہ کا انٹومولوجی شعبہ تمام علاقوں میں مچھروں کی روک تھام کے لیے اقدامات کر رہا ہے، گندے پانی میں خصوصاً اینٹی لاروا کنٹرول کرنے کے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

ایڈیشنل کمشنر بی سنتوش نے بتایا کہ ڈینگی سے بچاؤ کے لیے وسیع پیمانے پر اقدامات کیے گئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہر اتوارکو صبح 10 بجے 10 منٹ کا پروگرام منعقد کیا جائے گا تاکہ لاروا پر قابو پایا جا سکے۔ایڈیشنل کمشنر سنتوش نے بتایا کہ مقامی عوامی نمائندوں، قانون ساز اراکین، قانون ساز کونسل کے اراکین اور کارپوریٹروں نے اس پروگرام میں حصہ لیا اور یہ کامیاب رہا۔

جی ایچ ایم سی کی جانب سے نشیبی علاقوں اور کچی آبادیوں پر خصوصی توجہ دی گئی ہے۔ جی ایچ ایم سی کے اینٹمولوجی ڈپارٹمنٹ کے ذریعہ، عملہ اور عہدیدار گھر گھر جا کر موسمی وبائی امراض کے ساتھ ساتھ مچھروں کی روک تھام کے لیے وسیع پیمانے پر ضروری اقدامات کر رہے ہیں۔

گھروں کے اندر اور اردگرد مچھروں سے بچاؤ کے لیے احتیاطی تدابیر کے بارے میں بیداری پیدا کی جارہی ہے۔10 ہفتوں تک ہر اتوار کو صبح 10 بجے 10 منٹ کے لیے یہ پروگرام منعقد کیاجائے گا۔

اس پروگرام کے دوران گھروں کی صفائی کو یقینی بنایاجائے گا۔ احتیاطی تدابیر کے بارے میں شہریوں کو آگاہ کرنے کے لیے اہم چوراہوں یا پرہجوم علاقوں میں گھر گھر جا کر کتابچے، اسٹیکرز اور بینرز تقسیم کیے جا رہے ہیں۔