تلنگانہ

ایمس سے زیادہ ریاستی میڈیکل کالجس میں طبی سہولتیں دستیاب: ہریش راؤ

ریاستی وزیر صحت ٹی ہریش راؤ نے کہاکہ آل انڈیا انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسس (ایمس) سے کہیں زیادہ طبی سہولتیں تلنگانہ کے میڈیکل کالجس میں دستیاب ہیں۔

حیدرآباد: ریاستی وزیر صحت ٹی ہریش راؤ نے کہاکہ آل انڈیا انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسس (ایمس) سے کہیں زیادہ طبی سہولتیں تلنگانہ کے میڈیکل کالجس میں دستیاب ہیں۔

متعلقہ خبریں
کے سی آر کٹر ہندو: ہریش راو
کنٹراکٹ کے 19 یونانی میڈیکل آفیسرس کوحکومت نے مستقل کردیا
عثمانیہ ہاسپٹل کیلئے نئی عمارت تعمیر کی جائے گی: ہریش راؤ
مرکز، تلنگانہ کو 1.43لاکھ کروڑ روپے باقی: ہریش راؤ
تلنگانہ بھر میں جلد کے سی آر نیو ٹریشنل کٹس کی تقسیم کا آغاز

آج سنگاریڈی میں گورنمنٹ میڈیکل کالج میں قائم کردہ ای لائبریری کا افتتاح انجام دینے کے بعد خطاب کرتے ہوئے ہریش راؤ نے کہاکہ ملک کی تاریخ میں ایک ہی سال کے دوران 9 میڈیکل کالجس کاآغازپہلے نہیں ہوا جبکہ حکومت تلنگانہ نے یہ کارنامہ کردکھایا ہے۔ حکومت ہر ضلع میں ایک میڈیکل کالج قائم کرنے کے اپنے منصوبہ پرعمل کررہی ہے۔

انہوں نے کہاکہ آئندہ مہینہ سے حکومت ریاست بھرمیں نیوٹریشنل کٹس کی تقسیم کا پروگرام شروع کرنے جارہی ہے۔تشکیل تلنگانہ سے قبل58 سالوں میں صرف 3 گورنمنٹ میڈیکل کالجس تھے مگر صرف سال 2022میں ریکارڈ 8 میڈیکل کالجس کا افتتاح انجام دیا گیا۔ سنگاریڈی میڈیکل کالج کی تعمیر صرف 7مہینوں میں مکمل کی گئی۔

وزیر صحت نے کہاکہ تشکیل تلنگانہ کے بعد 8 سال کے مختصر سے عرصہ کے دوران 12 میڈیکل کالجس کارکرد کئے گئے۔میڈیکل کالجس میں ریاگنگ کے مسئلہ پر اظہار خیال کرتے ہوئے ہریش راؤ نے کہاکہ اس ناسور کو قطعی برداشت نہیں کیاجائے گا۔ ریاگنگ میں ملوث طلباء کے ساتھ سختی سے نمٹاجائے گا۔

ہریش راؤ نے مزید کہاکہ حکومت آئندہ چند مہینوں میں 16.5 کروڑ کے مصارف سے تین فرئیلیٹی سنٹرس قائم کرنے جارہی ہے۔ قبل ازیں ہریش راؤ نے ضلع کلکٹریٹ سنگاریڈی میں جی او 58 اور 58 کے تحت استفادہ کنندگان میں پٹہ جات کی تقسیم عمل میں لائی۔ انہوں نے کہاکہ دھرانی پورٹل کے ذریعہ اراضیات کی خریدو فروخت کی تفصیلات اور مالکانہ حقوق کی منتقلی کا نقائص سے پاک انداز میں اندراج عمل میں لایا جارہا ہے۔

بغیر ایک پیسہ خرچ کئے گھرتک پٹہ پاس بک پہنچائی جارہی ہے۔دھرانی پورٹل کے متعلق پھیلائی جارہی گمراہ کن اطلاعات پر سخت ردعمل ظاہر کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ دھرانی پورٹل کورد کردیئے جانے سے پھرایک بار رشوت کا بازار گرم ہوجائے گا۔