تلنگانہ

بی جے پی اور ٹی آر ایس کو انضمام تقاریب اب کیوں یاد آئیں؟ ریونت ریڈی کا سوال

صدر ٹی پی سی سی اے ریونت ریڈی نے سوال کیا کہ 17 ستمبر کو حیدرآباد انضمام تقاریب سرکاری طور پر منانے بی جے پی اور ٹی آر ایس کو8 سال کے بعد کیوں خیال آیا؟۔

حیدرآباد: صدر ٹی پی سی سی اے ریونت ریڈی نے سوال کیا کہ 17 ستمبر کو حیدرآباد انضمام تقاریب سرکاری طور پر منانے بی جے پی اور ٹی آر ایس کو8 سال کے بعد کیوں خیال آیا؟۔

ریونت ریڈی آج حلقہ اسمبلی منگوڈ میں ٹی آر ایس اور بی جے پی حکومتوں کی ناکامیوں پر چارج شیٹ پیش کرنے کے بعد پریس کانفرنس سے خطاب کررہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ ایسا محسوس ہوتا ہے کہ ٹی آ رایس نے حیدرآباد انضمام کے مسئلہ پر بی جے پی کے آگے سرتسلیم خم کردیا ہے۔

انہوں نے سوال کیا کہ کیا 8 سال سے یہ تقاریب سرکاری طور پر نہ منانے پر کے سی آر عوام سے معافی مانگیں گے؟۔تاریخ گواہ ہے کہ کانگریس نے نہ صرف ملک کو انگریزوں سے آزادی دلائی بلکہ حیدرآباد ریاست کو نظام کی حکومت سے آزاد کروایا ہے اور سونیا گاندھی نے علیحدہ تلنگانہ دے کر تاریخی کارنامہ انجام دیا ہے۔ اس ملک کی آزادی کیلئے جانوں کی قربانی دینے کا ریکارڈ کانگریس پارٹی کے پاس ہے۔

آج بی جے پی اور ٹی آر ایس انضمام حیدرآباد کے نام پر شہریوں کے درمیان دراڑ پیدا کرنا چاہتے ہیں۔ چارج شیٹ کا تذکرہ کرتے ہوئے کانگریس قائد نے کہا کہ کسانوں اور بے روزگار نوجوانوں کی خودکشی کیلئے مجبور کرنے کیلئے ٹی آر ایس حکومت ذمہ دار ہے۔

انہوں نے کہا کہ تلنگانہ میں عوامی مسائل کا انبار ہے لیکن ٹی آر ایس اور بی جے پی صرف ضمنی الیکشن پر توجہ مرکوز کئے ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس 17ستمبر2022 تا17 ستمبر2023 تک آزادی کا وجرالو اتسومنانے کا مطالبہ کررہی ہے۔ جنگ آزادی کی تاریخ سے نئی نسل کو واقف کروانے کی ضرورت ہے۔

مرکزی حکومت کو بھی اتسومنانے کیلئے آگے آنا چاہئے۔ اس سلسلہ میں مرکز کو چاہئے کہ وہ اس پر5000کروڑ روپے خرچ کرے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ منگوڈ پر کانگریس پارٹی اپنا قبضہ برقرار رکھے گی۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی نے راجگو پال ریڈی کو22 کروڑ میں خریدلیا ہے۔

انہوں نے الزام عائد کیا کہ بی جے پی انضمام حیدرآباد کے نام پر فرقہ وارانہ فسادات بھڑکا نے کی کوشش کررہی ہے۔ کمیونسٹ جماعتوں کی ٹی آر ایس کو تائید پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے ریونت ریڈی نے کہا کہ کمیونسٹ قائدین کے فیصلہ پر انہیں افسوس ہے۔

پریس کانفرنس میں اتم کمار ریڈی، کے جانا ریڈی، دامودر ریڈی، بلرام نائک نے کہا کہ بی جے پی حکومت نے پٹرول، ڈیزل، پکوان گیاس اور اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ کرکے عوام کا جینا دوبھر کردیا ہے۔ بی جے پی‘ مذہب کے نام پر نفرت پیدا کرکے ملک کو تقسیم کرنا چاہتی ہے جبکہ کانگریس پارٹی سیکولرزم کے نظریہ پر قائم رہتے ہوئے تمام طبقات کی یکساں ترقی اور خوشحالی چاہتی ہے۔