تلنگانہ

رامچندر پورم ای ایس آئی ہاسپٹل کی ناقص کارکردگی پر ہریش راؤ برہم

ریاستی وزیر صحت و طبابت‘ بہبود خاندان و فینانس ٹی ہریش راؤ نے ضلع سنگاریڈی کے رامچندر پورم میں ای ایس آئی ہاسپٹل کی ناقص کارکردگی پر شدید برہمی کا اظہار کیا۔

حیدرآباد: ریاستی وزیر صحت و طبابت‘ بہبود خاندان و فینانس ٹی ہریش راؤ نے ضلع سنگاریڈی کے رامچندر پورم میں ای ایس آئی ہاسپٹل کی ناقص کارکردگی پر شدید برہمی کا اظہار کیا۔

ریاستی وزیر لیبر ملاریڈی کے ساتھ ٹی ہریش راؤ نے آج ای ایس آئی ہاسپٹل میں سہولتوں کو اپ گریڈ کرنے کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر ہریش راؤ نے ہر شعبہ کے ایک‘ ایک ڈاکٹر سے تبادلہ خیال کیا۔ 20.73 کروڑ روپے کے مصارف سے اس ہاسپٹل کو ایک کارپوریٹ طرز کے ہاسپٹل میں تبدیل کیاگیا ہے۔

وزیر صحت‘ کو یہ جان کر حیرت ہوئی کہ اس ہاسپٹل میں گذشتہ ماہ جولائی میں صرف تین زچگیاں وہ بھی آپریشن کے ذریعہ انجام دی گئیں جبکہ اس ہاسپٹل میں تین گائناکولوجسٹس موجود ہیں۔ انہوں نے ہاسپٹل اسٹاف کو بتایا کہ ضلع کے ایک پرائمری ہیلت سنٹرمیں ایک ایم بی بی ایس ڈاکٹر اور ایک نرس یومیہ 4 تا 5 نارمل زچگیاں انجام دیں گی۔

ہاسپٹل کے سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر سدھاکر نے وزیر صحت کو بتایا کہ ہاسپٹل کے اسٹاف کی تعداد 300 ہے۔ ان میں 55 ڈاکٹرس اور 56 نرس بھی شامل ہیں جس پر وزیر نے کہاکہ ہاسپٹل میں ڈاکٹروں کی تعداد پوری اور مکمل ہے مگر مریضوں کی تعداد صفر ہے۔

ان پیشنٹس سے متعلق انکوائری کے بعد ہریش راؤ نے کہاکہ 100 بستروں کے اس ہاسپٹل میں اس سال جنوری سے کبھی بھی 50 فیصد بیڈس استعمال ہی نہیں ہوئے ہیں۔ چند ماہ کے دوران ہاسپٹل میں ان پیشنٹس مریضوں کی شرح 24 فیصد سے بھی کم رہی۔

یہ معلوم ہونے پر کہ 4 ڈاکٹرس‘ 4 برسوں سے غیر مجاز طور پر مسلسل غیر حاضر ہیں‘ اس بارے میں انہوں نے سپرنٹنڈنٹ ہاسپٹل سے وضاحت طلب کی۔ وزیر نے ڈاکٹر سدھاکر سے پوچھا کہ آج کی تاریخ تک آپ نے ان غیر حاضر ڈاکٹروں کو برطرف کیوں نہیں کیا اور ان کے خلاف کارروائی کیوں نہیں کی؟۔

شعبہ جات آرتھوپیڈک اور آپتھالمولوجی کے ڈاکٹروں کی کارکردگی کو مایوس کن قرار دیتے ہوئے انہوں نے کہاکہ ہر ایک ڈاکٹر نے صرف ایک سرجری کی ہے؟ جس سے یہ ڈاکٹرس حیلے بہانے تلاش کرنے کی کوشش کررہے تھے تب وزیر صحت نے ان ڈاکٹروں سے کہاکہ وہ حکومت تلنگانہ کی جانب سے چلائے جانے والے دیگر دواخانوں کی کارکردگی سے اپنا تقابل کریں۔

پٹن چیرو کو انڈسٹریل ہب کیا جاتا ہے جہاں مختلف کمپنیوں میں 2 لاکھ سے زائد مزدور کام کرتے ہیں۔ محکمہ صحت تمام تر سہولتیں فراہم کرنے کے عہد کا پابند ہے۔ انہوں نے ڈاکٹروں پر زور دیا کہ وہ اپنی کارکردگی کو بہتر بنائیں اور ای ایس آئی کارڈ ہولڈرس کو بہترطبی سہولتیں فراہم کریں۔

انہوں نے ڈاکٹروں کو مشورہ دیا کہ وہ ایریا ہاسپٹل پٹن چیرو میں تلنگانہ ڈیاگنوسٹکس‘ سی ٹی اسکیان اور یہاں دستیاب دیگر طبی سہولتوں سے استفادہ کریں۔

اس موقع پر میدک ایم پی کتہ پربھاکر‘ رکن اسمبلی پٹن چیرو مہیپال ریڈی‘ نارائن کھیڑ ایم ایل اے بھوپال ریڈی‘ رکن اسمبلی اندول کرانتی کرن‘ ضلع کلکٹر شرد‘ کارپوریٹرس وی سندھو‘آدرش ریڈی‘ پشپاناگیش اور کماری یادو اور دیگر موجود تھے۔