تلنگانہ

سرکاری اسکولوں میں بنیادی سہولتوں کا فقدان : ریونت ریڈی

ٹوئیٹر پر ریونت ریڈی نے کہاکہ کئی سرکاری اسکولوں کی عمارتیں مخدوش ہوچکی ہیں۔ کلاس رومس میں فرش اور فرنیچرتک نہیں ہے۔ کئی اسکولس میں اساتذہ دستیاب نہیں ہے۔ طلباء کو معیاری غذا فراہم نہیں کی جارہی ہے۔

حیدرآباد: صدر ٹی پی سی سی اے ریونت ریڈی ایم پی نے ریاست بھر کے سرکاری اسکولوں میں طلباء کو بنیادی سہولتوں کے فقدان پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے الزام عائد کیا کہ ٹی آرایس حکومت سرکاری اسکولوں میں بہتر سہولتیں فراہم کرنے میں ناکام ہوچکی ہے۔

ٹوئیٹر پر ریونت ریڈی نے کہاکہ کئی سرکاری اسکولوں کی عمارتیں مخدوش ہوچکی ہیں۔ کلاس رومس میں فرش اور فرنیچرتک نہیں ہے۔ کئی اسکولس میں اساتذہ دستیاب نہیں ہے۔ طلباء کو معیاری غذا فراہم نہیں کی جارہی ہے۔

اسکولوں میں صاف ستھرا ماحول نہیں ہے۔ طلباء کے پاس پڑھنے کے لئے کتابیں تک نہیں ہیں۔ سرکاری اسکولوں کی ابتر حالت دیکھ کر ایسا محسوس ہوتاہے کہ چیف منسٹر کے سی آر کی تاناشاہی میں غریب طلباء کا کوئی مستقبل نہیں ہے۔

ریونت ریڈی نے اسمبلی حلقہ اچم پیٹ کے تاگاپورسرکاری اسکول کی ایک ویڈیوٹوئیٹر پر پوسٹ کیا ہے جس میں بتایا گیاہے کہ اس اسکول کی عمارت انتہائی مخدوش ہوچکی ہے۔ طلباء کو فرنیچر کی سہولت نہیں ہے۔ پینے کے لئے آلودہ پانی فراہم کیا گیاہے۔ اسکول کے اطراف انتہائی گندہ ماحول ہے۔

انہوں نے چیف منسٹر کے سی آر اور وزیر تعلیم سبیتا اندرا ریڈی سے سوال کیا کہ انہوں نے سابق میں ان کے استفسارپر تیقن دیا تھا کہ سرکاری اسکولوں کی حالت کوبہتر بنایا جاے گا مگر اب تک اس ضمن میں کوئی اقدامات نہیں کئے۔

انہوں نے کہاکہ کانگریس پارٹی سرکاری اسکولوں کی حالت کو بہتر بنانے اورتعلیم وصفائی کے مناسب انتظامات کے لئے خصوصی مہم چلائے گی۔