تلنگانہ

ووٹر لسٹ کیس کی سماعت 21/ اکتوبر تک ملتوی

الیکشن کمیشن آف انڈیا کو حلقہ اسمبلی منگوڈ کی نظر ثانی ووٹر لسٹ داخل کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے اگلی سماعت 21/ اکتوبر تک ملتوی کردیا۔

حیدرآباد: تلنگانہ ہائی کورٹ کی دو رکنی بنچ جو چیف جسٹس اجل بھویان اور جسٹس بھاسکر ریڈی پر مشتمل تھی، نے الیکشن کمیشن آف انڈیا کو حلقہ اسمبلی منگوڈ کی نظر ثانی ووٹر لسٹ داخل کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے اگلی سماعت 21/ اکتوبر تک ملتوی کردیا۔

بی جے پی کے ریاستی جنرل سکریٹری پرمیندر ریڈی کی جانب سے دائر کردہ عرضی پر سماعت کرتے ہوئے عدالت العالیہ نے الیکشن کمیشن کو حلقہ کی نظر ثانی ووٹرلسٹ داخل کرنے کی ہدایت دی کیونکہ درخواست گذار نے الزام عائد کیا کہ گذشتہ 2ماہ کے دوران فہرست میں 25 ہزار فرضی ناموں کااندراج کیا گیا ہے۔

چیف الیکٹورل آفیسر نے مرممہ ووٹرلسٹ پررپورٹ آج ہائی کورٹ میں داخل کی۔ کمیشن نے اپنی رپورٹ میں بتایا کہ حلقہ کی نظر ثانی ووٹرلسٹ کو آج قطعیت دی جائے گی۔

عدالت نے کمیشن کو نظر ثانی ووٹرلسٹ داخل کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے عرضی پر اگلی سماعت21 اکتوبر تک ملتوی کردی۔