تلنگانہ

کسان، ملک کی قسمت بدلنے میں اہم رول ادا کریں: چیف منسٹر تلنگانہ

صدر بی آر ایس و چیف منسٹر تلنگانہ کے چندر شیکھر راؤ نے ملک کے کسانوں کو ایک مضبوط طاقت بنتے ہوئے ملک کی قسمت بدلنے میں اہم کردار ادا کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔

حیدرآباد: صدر بی آر ایس و چیف منسٹر تلنگانہ کے چندر شیکھر راؤ نے ملک کے کسانوں کو ایک مضبوط طاقت بنتے ہوئے ملک کی قسمت بدلنے میں اہم کردار ادا کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔

انہوں نے کہا کہ ملک میں اب تک14وزیر اعظم بننے ہیں مگر عوام کی صورتحال جیسی کی ویسی برقرار ہے۔ آج تلنگانہ بھون میں مہاراشٹرا شیٹکاری سنگٹھن کسان قائد شارد جوشی پرانیت اور دیگر قائدین نے بی آر ایس میں شمولیت اختیار کرلی۔

کے سی آر نے تمام قائدین کو گلابی شال اوڑھا کر پارٹی میں ان کا خیر مقدم کیا۔ انہوں نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کسانوں کی جدوجہد حق بجانب ہے۔ ا گر ہم ٹھان لیتے ہیں تو کوئی چیز ناقابل حصول نہیں ہوتی ہے۔ سنجیدگی سے کیا گیا کام، کامیابی سے ہمکنار کراتا ہے۔ اپنے50سالہ سیاسی زندگی میں میں نے ایسے کئی واقعات کا مشاہدہ کیا۔

ہم نے تلنگانہ میں کیا کیا آپ سب دیکھ رہے ہیں۔ میں آپ سے خواہش کرونگا کہ ایک بار کارلیشورم پراجکٹ کا ضرور دور کریں۔ کے سی آر نے کہا کہ ملک کے صدرمقام میں کسانوں نے13مہینوں تک مسلسل احتجاج کیا۔ سیاہ قوانین کے خلاف احتجاج کررہے کسانوں کو دہشت گرد قرار دیا گیا۔ خالصتانی بتایا گیا۔

انہیں تخریب کار ظاہر کیا گیا مگر کسانوں کے احتجاج کے آگے مودی کو سرتسلیم خم کرتے ہوئے معذرت خواہی کرنا پڑا۔750 کسانوں کی موت کے باوجود وزیر اعظم نے کوئی ردعمل ظاہر نہیں کیا۔ کے سی آر نے کہا کہ ملک میں وسائل کی کوئی کمی نہیں ہے۔ اس کے باوجود کسان اور عوام بے شمار مشکلات میں گھرے ہوئے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ تشکیل تلنگانہ سے قبل بافندوں اور کسانوں میں خود کشیاں عام بات تھی۔ زراعت کو نفع بخش بنانے کے بعد خودکشیوں کا سلسلہ رک گیا۔ کسانوں کی قابل رحم حالت دیکھتے ہوئے میری آنکھوں میں آنسو آگئے۔ ملک میں 94 لاکھ ایکڑ پر دھان کی کاشت کی جاتی ہے جس میں 56لاکھ ایکڑ تلنگانہ میں ہی ہے۔

کے سی آر نے کہا کہ جس سے مختصر سے عرصہ میں تلنگانہ کو ترقی کی سمت گامزن کیا گیا۔ عوام کی زندگیوں میں تبدیلیاں لائی گئی، ایسا بھی ملک میں بھی ممکن ہے صرف عوام سے محبت اور کچھ کرنے کیلئے سنجیدہ ہونے کی ضرورت ہے۔

کے سی آر نے کہا کہ ملک کے عوام کے مسائل کا بہترین حل دریافت کرنا، عوام کی زندگیوں میں خوشیاں اور خوشحالی لانا ہی بی آر ایس کا مقصد ہے اور بی آر ایس کے قیام کے بعد سے عوام کی بڑی تعداد ہمارے نظریات سے متاثر ہو کر بی آر ایس سے جڑ رہی ہے۔

انہوں نے آج بی آر ایس میں شمولیت اختیار کئے قائدین کا خیر مقدم کرتے ہوئے پارٹی کو مضبوط اور مقبول عام بنانے کیلئے کام کرنے کی اپیل کی۔ اس موقع پر بی آر ایس کسان سمیتی کے صدر گرنام سنگھ چڈونی، ریاستی وزراء ہریش راؤ، سیتاوتی راٹھوڑ، رکن اسمبلی جیون ریڈی، رکن کونسل ایس سبھاش ریڈی و دیگر موجود تھے۔