تلنگانہ

تلنگانہ میں غیر مجاز 21 دواخانے مہر بند

عہدیداروں نے ڈیوٹی کے اوقات کے دوران خانگی پراکٹس کرنے 28 سرکاری ڈاکٹروں کو نوٹسیں جاری کی ہیں۔ محکمہ صحت کے عہدیداروں نے ریاست کے تمام سرکاری وخانگی دواخانوں کی جانچ مہم شروع کررکھی ہے۔

حیدرآباد: محکمہ صحت و طبابت کے عہدیداروں نے ریاست تلنگانہ میں دواخانوں کے معائنہ کے دوران آج24خانگی دواخانوں کو مہر بند کردیاکیونکہ یہ دواخانے، خلاف قانون چلائے جارہے تھے۔

عہدیداروں نے ڈیوٹی کے اوقات کے دوران خانگی پراکٹس کرنے 28 سرکاری ڈاکٹروں کو نوٹسیں جاری کی ہیں۔ محکمہ صحت کے عہدیداروں نے ریاست کے تمام سرکاری وخانگی دواخانوں کی جانچ مہم شروع کررکھی ہے۔

یہ مہم گزشتہ3دنوں سے جاری ہے۔ ڈسٹرکٹ میڈیکل اینڈ ہیلت آفیسر اور ڈپٹی ڈسٹرکٹ میڈیکل اینڈ ہیلت آفیسرس پر مشتمل اسپیک ٹیم، رانڈام طریقہ کار کے ذریعہ دواخانوں کا اچانک معائنہ کررہی ہے۔ اس معائنہ کے دوران ٹیم، ضروری اجازت ناموں، کلینکل اسٹابلشمنٹ ایکٹ کے تحت رجسٹریشن کے ساتھ دستیاب طبی سہولتوں کے بارے میں واقفیت حاصل کررہی ہے۔

اسٹاف کی تفصیلات اور ڈاکٹروں کی تعلیمی قابلیت اور دیگر امور کا گہرائی سے جائزہ لیا جارہا ہے۔ اجازت کے بغیر چلائے جانے والے دواخانوں (ڈسپنسریز) کو مہر بند کیا جارہا ہے۔ مناسب طبی سہولتوں کے فقدان کی صورت میں متعلقہ ڈسپنسریز کو وجہ بتاو نوٹسیں دی جارہی ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ آئندہ ایک ہفتہ تک معائنہ / جانچ کی مہم جاری رہے گی۔ اس مہم کے تحت خانگی لیابس، اور ڈسپنسریز کا جامع معائنہ کیا جائے گا۔ محکمہ صحت کے عہدیداروں نے تاحال18 اضلاع میں 311 دواخانوں کا معائنہ کیا ہے۔

عہدیداروں نے ضلع رنگاریڈی میں 7 وقار آباد میں 5، سنگاریڈی اور ملگ میں 3,3 ڈسپنسریز کو مہر بند کردیا گیا۔ اس طرح بھدرا دری کتہ گوڑم میں 2 اور ضلع جگتیال میں ایک خانگی دواخانہ کو بند کردیا گیا ہے۔ احکام کی عدم تعمیل پر جملہ83ڈسپنسریز کو نوٹسیں جاری کی گئیں۔ سب سے زیادہ نوٹسیں ضلع رنگاریڈی کے 20 دواخانوں کو دی گئیں۔ مناسب سہولتیں نہ ہونے پر7 دواخانوں پر جرمانہ عائد کیا گیا ہے۔

ان میں ضلع وقار آباد کے 5دواخانے شامل ہیں۔ متحدہ ضلع عادل آباد میں جملہ 288 دواخانے ہیں تاہم ان میں 46 دواخانوں کے معائنہ کا عمل مکمل کیا گیا ہے۔ عادل آباد کے نیتاجی چوک کے قریب واقع ایک خانگی دواخانہ کے ڈاکٹر کو نوٹس دی گئی کیونکہ انہوں نے بائیو میڈیکل ویسٹ سرٹیفکیٹ کی تجدید نہیں کرائی تھی۔ ضلع سدی پیٹ میں 12 خانگی دواخانوں کی جانچ مکمل کرلی گئی۔ حسن آباد کے بیشتر کلینکس اور لیاب کا معائنہ کیا جاچکا ہے۔

ناگارام روڈ پر واقع سری سائی دواخانہ کو وجہ بتاؤ نوٹس دی گئی ہے۔ حکام نے راویلی پالی کلینکس کے ایڈمنسٹرس پرجرمانہ عائد کیا۔ ان پر الزام ہے کہ وہ اکنا پیٹ چوراہا پر کمل میڈیکل اسٹور چلا رہے تھے۔ چند ڈسپنسریز پر25ہزار روپے تک جرمانہ اس لئے عائد کیا گیا کہ ان ڈسپنسریز میں مناسب طبی سہولتوں کا فقدان دیکھا گیا۔

سنگاریڈی میں سدی ہاسپٹل کے علاوہ ظہیر آباد، امین پور بلدی حدود کے بیرام گوڑہ اور کشٹا ریڈی پیٹ میں دواخانوں کو مہر بند کردیا گیا۔ضلع نظام آباد کے آرمور اور بودھن کے مقامات پر خانگی دواخانوں کے معائنہ کا عمل پوری شدت کے ساتھ جاری ہے۔