تلنگانہ

کانگریس کا صدارتی انتخاب، گاندھی بھون میں 85 فیصد رائے دہی

جملہ 241 رائے دہندوں میں 226 ووٹرس نے اپنے حق رائے دہی کا استعمال کیا جن میں 238 پی سی سی مندوبین، 2 پردیش ریٹرننگ اور اسسٹنٹ ریٹنگ آفیسرس اور صدارتی امیدوار ششی تھرور کے 2ایجنٹس شامل ہیں۔

حیدرآباد: کل ہند کانگریس کمیٹی صدر کے عہدہ کیلئے منعقدہ انتخابات میں تلنگانہ میں 85 فیصد پرامن رائے دہی درج کی گئی۔

جملہ 241 رائے دہندوں میں 226 ووٹرس نے اپنے حق رائے دہی کا استعمال کیا جن میں 238 پی سی سی مندوبین، 2 پردیش ریٹرننگ اور اسسٹنٹ ریٹنگ آفیسرس اور صدارتی امیدوار ششی تھرور کے 2ایجنٹس شامل ہیں۔

پردیش ریٹرننگ آفیسر راج موہن اونیتن کی نگرانی میں گاندھی بھون کے پولنگ مرکز پر آج 10بجے دن سے رائے دہی کا آغاز ہوا۔

صدارتی امیدوار کھر گے کی جانب سے ڈاکٹر ملوروی اور سابق وزیر محمد علی شبیر پولنگ ایجنٹس مقرر کئے گئے تھے، جبکہ دوسرے امیدوار ششی تھرور کی جانب سے سنتوش اورسریکانت کوپولنگ ایجنٹس مقرر کیا گیا۔

پولنگ کے آغاز پر سب سے پہلے محمد علی شبیر نے ووٹ ڈالا۔ ان کے بعد سابق وزیر کے جانا ریڈی اور سابق پی سی سی صدر پونالہ لکشمیا نے اپنے ووٹ کے حق کا استعمال کیا جبکہ پی سی سی صدر اے ریونت ریڈی نے سب سے آخر میں شام3:30 بجے اپنے ووٹ کا استعمال کیا۔

دیگر قائدین دامودر راج نرسمہا،گیتا ریڈی، سی ایل پی قائد بھٹی وکرامارکہ، وی ہنمنت راؤ، مدھو یاشکی گوڑ، پونم پربھاکر، سیتا اکا ایم ایل اے، انجن کمار یادو سابق ایم پی، اتم کمار ریڈی، ایم پی، شیخ عبداللہ سہیل، عثمان الہاجری، سید عظمت اللہ حسینی، جی نرنجن نائب صدر نے بھی گاندھی بھون پہنچ کر اپنے ووٹ کا استعمال کیا۔

صدر ٹی پی سی سی ریونت ریڈی نے بتایا کہ پی سی سی مندوبین کی فہرست کی تیاری اور فہرست سے ناموں کوحذف کرنے میں پی سی سی کا کوئی رول نہیں ہے۔ پردیش ریٹررننگ آفیسر ہی پی سی سی مندوبین کی فہرست کی تیاری اور انتخابات کے انعقاد کے مجاز ہیں۔

اس دوران تلنگانہ کے دو قائدین سریدھر بابو ایم ایل اے جو کرناٹک کے انچارج ہیں انہوں نے بنگلور میں اپنے ووٹ کا استعمال کیا جبکہ سکریٹری اے آئی سی سی ومشی چندر ریڈی سابق ایم ایل اے نے نئی دہلی میں اپنے ووٹ کا استعمال کیا۔ شام4 بجے گاندھی بھون میں رائے دہی مکمل ہونے کے بعد پردیش ریٹرنینگ آفیسر راج موہن اونیتن نے بتایا کہ تلنگانہ میں رائے دہی کا مرحلہ پرامن طور پر اختتام کو پہنچا۔

241 ووٹرس کے منجملہ 226 پی سی سی مندوبین نے اپنے ووٹ کا استعمال کیا۔ رائے دہی کے بہتر انتظامات پر انہوں نے صدر ٹی پی سی سی اے ریونت ریڈی سے اظہار تشکر کیا ریٹرننگ آفیسر نے بتایا کہ انہوں نے دونوں امیدوار ملکارجن کھر گے اور ششی تھرور کے مقرر کردہ پولنگ ایجنٹ ملوروی، محمد علی شبیر، سنتوش اور سریکانت کی موجودگی میں بیالٹ باکس کو مہربند کردیا ہے۔

بیالٹ باکس کو کل سنٹرل الیکشن اتھاریٹی نئی دہلی کے حوالہ کردیا جائے گا۔ جہاں 19اکتوبرکی صبح ووٹوں کی گنتی کا آغاز ہوگا اور شام تک نتائج کا اعلان کردیا جائے گا۔