تلنگانہ

پارٹی’ماں کی مانند‘ حفاظت کرنا ہر ورکر کی ذمہ داری : ہریش راؤ

ریاستی وزیر فینانس و سینئر بی آر ایس قائد ٹی ہریش راؤ نے کہاکہ پارٹی ماں کی طرح ہے اور پارٹی کی حفاظت کی ذمہ داری ہر کارکن کے کندھوں پر ہے۔

حیدرآباد: ریاستی وزیر فینانس و سینئر بی آر ایس قائد ٹی ہریش راؤ نے کہاکہ پارٹی ماں کی طرح ہے اور پارٹی کی حفاظت کی ذمہ داری ہر کارکن کے کندھوں پر ہے۔

آج ضلع سدی پیٹ کے ننگنور نامی دیہات میں پارٹی کارکنوں کے ساتھ منعقدہ گیٹ ٹو گیدر اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ اگر کسی قائد یا کارکن کا دوسرے کے ساتھ اختلاف رائے ہو تو یہ فطری بات ہے۔

اس کو تنازعہ بنانے کی کوئی ضرورت نہیں ہے۔ ہم سب مل بیٹھ کر اختلاف رائے کو دور کرسکتے ہیں۔ ہریش راؤ نے کہاکہ کے سی آر کی قیادت میں بی آر ایس کو ملک بھر میں وسعت دینے اور مستحکم کرنے کے لیے ہم سب کو تیار رہناچاہئے۔

ہریش راؤ نے کہاکہ کے سی آر نے پہلی بار گلابی پرچم ننگنور میں ہی لہرایا تھا۔ اس لیے گیٹ ٹو گیدر اجلاس کا اسی مقام پر انعقاد کیاگیا۔ کے سی آر کی بدولت آج سدی پیٹ کا نام سارے ملک میں جاناجارہاہے۔

انہوں نے ماضی کی صورتحال کو یاد کرتے ہوئے کہاکہ ایک وقت تھا جب مسلسل برقی سربراہی ایک خبر تھی اور آج ایک وقت ہے کہ لمحہ بھر کے لیے برقی کٹوتی ایک خبر بن جاتی ہے۔

کانگریس اور تلگو دیشم کے دور حکومت میں رشوت دے کر ٹرانسفارمر حاصل کئے جاتے تھے مگر اب بسکٹ کی طرح گلی گلی قریہ قریہ ٹرانسفارمرس کاجال بچھادیاگیا ہے۔

200 کروڑ روپئے خرچ کرتے ہوئے مسلسل 24گھنٹے برقی سربراہی کی جارہی ہے۔ کالیشورم پراجکٹ کے ذریعہ 18,000 ایکر اراضی کو سیراب کیاجارہاہے۔ ریاست میں کام زیادہ ہونے کی وجہ سے چھتیس گڑھ سے مزدور کام کی تلاش میں تلنگانہ آرہے ہیں۔ ہریش راؤ نے کہاکہ اب وہ دن دور نہیں جب کسان بھی کارنشین ہوجائیں گے۔