تلنگانہ

جی۔20 لوگو: مودی نے راجنا سرسلہ کے بنکر کی ستائش کی

راجنا سرسلہ ضلع کے ہری پرساد کا تذکرہ کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہاکہ پرساد مہارت رکھتے ہیں اور وہ اس بہترین تحفہ کو دیکھ کر کافی حیرت زدہ ہیں۔انہوں نے کہاکہ ہری پرساد نے خود کاکشیدہ جی 20کا لوگو بھیجا ہے۔

حیدرآباد: وزیراعظم مودی نے ماہانہ ریڈیوپروگرام من کی بات میں تلنگانہ کے راجنا سرسلہ سے تعلق رکھنے والے بنکر کی ستائش کی جس نے ان کو جی 20سمٹ کا خود کا کشیدہ لوگو روانہ کیا۔ جی سمٹ کی میزبانی ہندوستان آئندہ سال کرے گا۔

اپنے اس پروگرام میں راجنا سرسلہ ضلع کے ہری پرساد کا تذکرہ کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہاکہ پرساد مہارت رکھتے ہیں اور وہ اس بہترین تحفہ کو دیکھ کر کافی حیرت زدہ ہیں۔انہوں نے کہاکہ ہری پرساد نے خود کاکشیدہ جی 20کا لوگو بھیجا ہے۔ان کی مہارت تمام کو اپنی جانب راغب کرتی ہے۔

انہوں نے مجھے ایک مکتوب بھی روانہ کیا۔انہوں نے کہاکہ جی 20آئندہ سال ہوگی جو ہندوستان کیلئے بڑے وقار کی بات ہے۔اس کارنامہ کے جشن کے لئے ہی پرساد نے یہ لوگوتیار کیا ہے۔انہیں ان کے والد سے یہ ٹیلنٹ حاصل ہوا ہے۔

مودی نے کہاکہ پرساد کی طرح دیگر افراد نے بھی ان کو خطوط لکھتے ہوئے کہا کہ اس بڑی سمٹ کی ہندوستان کی جانب سے میزبانی پر ان کے دل فخر سے پھول گئے ہیں۔

ان افراد نے جی 20کے سلسلہ میں ہندوستان کی موثرمساعی کی بھی ستائش کی۔وزیراعظم نے کہاکہ جی 20کے لوگو کو جاری کرنے کا انہیں اعزازحاصل ہوا ہے۔انہوں نے کہاکہ جب انہیں ہری پرساد سے یہ تحفہ ملا تو ایک اورخیال ان کے ذہن میں آیا۔ہندوستان جی 20کی میزبانی کررہا ہے جو عالمی سطح پر ہندوستان کی بڑھتی اہمیت کو ظاہر کرتا ہے۔