تلنگانہ

تلنگانہ کے ضلع میدک میں سب سے کم درجہ حرارت ریکارڈ

واضح رہے کہ ریاست میں سردی کی لہر کے اچانک شروع ہونے سے لوگ حیران ہیں۔ کئی بزرگوں کا کہنا ہے کہ ہم عرصہ دراز سے یہ دیکھتے آئے ہیں کہ دیوالی کے بعد موسم سرما کا آغاز ہوتا تھا اور یہ سردیاں دھیرے دھیرے اپنے شباب پر پہنچتی تھیں۔

حیدرآباد: تلنگانہ میں منگل سے ہفتہ تک موسم کے خشک رہنے کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات نے یہ با ت بتائی۔

محکمہ موسمیات نے اپنی رپورٹ میں کہاکہ گذشتہ 24گھنٹوں کے دوران ریاست میں موسم خشک رہا۔اقل ترین درجہ حرارت13.6ڈگری سلسیس ضلع میدک میں درج کیاگیا۔

اسی طرح ریاستی دارالحکومت حیدرآباد میں پیراورمنگل کی درمیانی شب درجہ حرارت 14.9ڈگری سلسیس درج کیاگیا۔

واضح رہے کہ ریاست میں سردی کی لہر کے اچانک شروع ہونے سے لوگ حیران ہیں۔ کئی بزرگوں کا کہنا ہے کہ ہم عرصہ دراز سے یہ دیکھتے آئے ہیں کہ دیوالی کے بعد موسم سرما کا آغاز ہوتا تھا اور یہ سردیاں دھیرے دھیرے اپنے شباب پر پہنچتی تھیں، لیکن ان دنوں موسم کا حال عجیب و غریب ہوچکا ہے۔

ایک بزرگ نے بتایا کہ آج کل موسموں میں کافی تبدیلی آچکی ہے۔ بے موسم بارشیں ہورہی ہیں اور سردیاں وقت سے پہلے شروع ہوچکی ہیں۔ اس کے علاوہ ہر موسم میں شدت آتی جارہی ہے۔

موسم برسات میں شدید بارشیں، موسم سرما میں کڑاکے کی سردیاں اور گرما میں انتہائی شدید دھوپ اور درجہ حرارت میں غیرمعمولی اضافہ دیکھا جارہا ہے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ موسموں میں تبدیلی اور شدت، ماحولیاتی تبدیلی کا اثر ہے اور کاربن ڈائی آکسائیڈ کے حد سے زیادہ اخراجات کے باعث کرہ ارض کے موسموں میں غیرمعمولی تبدیلیاں دیکھی جارہی ہیں۔

انہوں نے انتباہ دیا ہے کہ ہر گذرتے دن کے ساتھ  موسموں میں ایسی غیرمعمولی مزید تبدیلیاں دیکھنے کو ملیں گی۔