تلنگانہ

منوگوڈو ضمنی انتخاب کی رائے دہی جاری، بی جے پی ورکرس پر لاٹھی چارج

صبح 7 بجے سے شروع ہونے والی پولنگ میں صبح 9 بجے کے بعد تیزی آئی۔ ووٹروں کی بڑی تعداد بشمول خواتین پولنگ بوتھس پر قطار میں کھڑی دیکھی گئیں۔

حیدرآباد: تلنگانہ کے اسمبلی حلقہ منگوڑ کے ضمنی انتخاب کی رائے دہی پرامن طور پر جاری ہے۔ اولین چا گھنٹوں میں وہاں 25 فیصد سے زیادہ پولنگ درج کی گئی۔

صبح 7 بجے سے شروع ہونے والی پولنگ میں صبح 9 بجے کے بعد تیزی آئی۔ ووٹروں کی بڑی تعداد بشمول خواتین پولنگ بوتھس پر قطار میں کھڑی دیکھی گئیں۔

تلنگانہ چیف الیکٹورل آفس (سی ای او) کے دفتر کے مطابق صبح 11 بجے تک 25.80 فیصد ووٹ ڈالے گئے۔

سی ای او وکاس راج نے صحافیوں کو بتایا کہ پولنگ پرامن طریقے سے جاری ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ الیکٹرانک ووٹنگ مشینوں (ای وی ایم) میں کسی بھی قسم کی خرابی کو عملے کے ذریعے فوری طور پر درست کیا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ حلقے میں نان ووٹرز کی موجودگی کی شکایات کے بعد کی گئی چیکنگ کے دوران دو مقدمات درج کئے گئے اور اس سلسلہ میں چھ افراد کو گرفتار کیا گیا۔

اسی دوران رائے دہی کے موقع پر بی جے پی کے کچھ کارکنوں کی جانب سے گڑبڑ کی کوشش کی گئی جسے پولیس نے فوری ناکام بنادیا۔ بی جے پی ورکرس کا الزام تھا کہ ٹی آر ایس کے کارکن حلقہ میں رائے دہی کے دن کیمپ کئے ہوئے ہیں۔

انہوں نے یہ الزام عائد کرتے ہوئے دھرنا منظم کرنے کی کوشش تاہم پولیس لاٹھی چارج کرکے انہیں منتشر کردیا۔