تلنگانہ

تلنگانہ میں ہلدی بورڈ اور ریل کوچ فیکٹری کے قیام سے مودی حکومت کا انکار

ریاستی حکومت نظام آباد میں ہلدی بورڈ اور قاضی پیٹ میں ریل کوچ فیکٹری قائم کرنے کے لیے مرکزی حکومت سے کئی بار درخواستیں کرچکی ہے۔ بی آر ایس ممبران پارلیمنٹ نے بھی لوک سبھا میں اس سلسلے میں سوالات اٹھائے۔

حیدرآباد: مرکز کی بی جے پی حکومت ریاست میں ہلدی بورڈ اور ریل کوچ فیکٹری کے قیام کے لئے تلنگانہ حکومت کی درخواستوں کو مسلسل مسترد کرتی جارہی ہے۔

ریاستی حکومت نظام آباد میں ہلدی بورڈ اور قاضی پیٹ میں ریل کوچ فیکٹری قائم کرنے کے لیے مرکزی حکومت سے کئی بار درخواستیں کرچکی ہے۔ بی آر ایس ممبران پارلیمنٹ نے بھی لوک سبھا میں اس سلسلے میں سوالات اٹھائے۔

چہارشنبہ کے روز بی آر ایس کے ارکان پارلیمنٹ، وینکٹیش نیتھا، پی دیاکر، جی رنجیت ریڈی اور ملوتھ کویتا نے لوک سبھا میں نظام آباد میں ہلدی بورڈ کے قیام کے سلسلہ میں مرکزی حکومت کو درپیش رکاوٹوں پر سوال اٹھایا۔

تجارت اور صنعت کی مرکزی وزیر مملکت انوپریہ پٹیل نے کہا کہ اسپائس بورڈ ایک قانونی خود مختار ادارہ ہے جو اسپائس بورڈ ایکٹ 1986 کے تحت قائم کیا گیا تھا۔ اس بورڈ کو 52 مصالحوں کو فروغ دینے کی ذمہ داری سونپی گئی ہے جن میں ہلدی، دھنیا اور مرچ بھی شامل ہیں۔

اس لئے ملک میں ہلدی بورڈ یا دیگر مصالحہ جات کے لئے علیحدہ مخصوص بورڈ کے قیام کی کوئی تجویز زیر غور نہیں ہے۔

خیال رہے کہ 2019 کے لوک سبھا انتخابات میں نظام آباد سے بی جے پی کے رکن پارلیمنٹ ڈی اروِند نے ووٹرس بالخصوص کسانوں سے وعدہ کیا تھا کہ وہ مودی حکومت کے ذریعہ نظام آباد میں ہلدی بورڈ کا قیام عمل میں لائیں گے۔

اسی طرح مرکزی وزیر ریلوے اشوینی ویشنو نے واضح طور پر کہا کہ تلنگانہ میں ریل کوچ فیکٹری قائم کرنے کی کوئی تجویز نہیں ہے۔

لوک سبھا میں بی آر ایس کے رکن پارلیمنٹ ناما ناگیشور راؤ کے ایک سوال کے جواب میں کہ آیا مرکزی حکومت کا تلنگانہ میں ریلوے کوچ فیکٹری کے قیام کی کوئی تجویز ہے جیسا کہ اے پی ری آرگنائزیشن ایکٹ 2014 میں یقین دہانی کرائی گئی تھی، تو مرکزی وزیر نے جواب دیا کہ ایسی کوئی تجویز زیر غور نہیں ہے۔

انہوں نے بتایا کہ ریل کوچ فیکٹریوں کی منظوری ہندوستانی ریلوے میں رولنگ اسٹاک (کوچس، بوگی، ویگن وغیرہ) کی ضرورت کی بنیاد پر دی جاتی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پہلے سے منظور شدہ فیکٹریاں مستقبل قریب میں ہندوستانی ریلوے کو رولنگ اسٹاک کی ضرورت کو پورا کرنے کے لیے کافی ہیں۔