تلنگانہ

ایس ٹی طبقہ کے تحفظات میں اضافہ کے احکام جاری

حکومت کے اس اقدام سے درج فہرست قبائل (ایس ٹی) افراد کو تعلیم اور جابس (نوکریوں)میں اب10فیصدتحفظات حاصل ہوں گے۔

حیدرآباد: حکومت تلنگانہ نے دسہرہ تہوارکے سیزن میں ریاست کے ایس ٹی طبقہ کے افراد کے چہروں پر مسکراہٹ لاتے ہوئے درج فہرست قبائل کے تحفظات میں اضافہ کے احکام آج جاری کردیئے ہیں۔ ان احکام پر یکم اکتوبر سے عمل آوری ہوگی۔

ٹی آرایس حکومت نے حسب وعدہ ایس ٹی طبقہ کے افرادکے ریزرویشن کو6فیصدسے بڑھاکر 10فیصدکرنے کے احکام جمعہ کے روز جاری کئے ہیں۔

حکومت کے اس اقدام سے درج فہرست قبائل (ایس ٹی) افراد کو تعلیم اور جابس (نوکریوں)میں اب10فیصدتحفظات حاصل ہوں گے۔

ایس ٹی طبقہ کے تحفظات میں 10فیصد تک اضافہ سے متعلق تقریباً 6 سال قبل ریاستی اسمبلی میں قرار داد منظور کی گئی تھی اوراس قرارداد کومنظوری کے لئے صدر جمہوریہ کے پاس روانہ کی گئی تھی مگر اس کی منظوری نہیں دی گئی۔

ریاستی حکومت نے باریک بینی سے مسئلہ کا جائزہ لینے کے بعد ایس ٹی طبقہ کے تحفظات میں اضافہ کے احکام جاری کرنے کافیصلہ کیاہے۔

قبائیلیوں کی صورتحال کا جائزہ لینے کے لئے چلپاکمیٹی قائم کی گئی تھی۔ چلپاکمیٹی نے اپنی رپورٹ میں تعلیم اور نوکریوں میں ایس ٹی طبقہ کے تحفظات میں اضافہ کی سفارش کی تھی۔