تلنگانہ

تلنگانہ: منوگوڑہ میں کانگریس پارٹی کے دفتر کو آگ لگادی گئی

اس واقعہ میں انتخابی تشہیر کیلئے رکھاگیا سامان بشمول پوسٹرس، بینرس، کھنڈوے اوردیگر سامان جل کر مکمل طورپر خاکستر ہوگیا۔ کل شب پیش آئے اس واقعہ میں کسی کے زخمی یا ہلاک ہونے کی کوئی اطلاع نہیں ملی ہے۔

حیدرآباد: تلنگانہ کے حلقہ اسمبلی منوگوڑوکے چنڈور علاقہ میں نامعلوم افراد نے کانگریس کے دفتر کو آگ لگادی۔

اس واقعہ میں انتخابی تشہیر کیلئے رکھاگیا سامان بشمول پوسٹرس، بینرس، کھنڈوے اوردیگر سامان جل کر مکمل طورپر خاکستر ہوگیا۔ کل شب پیش آئے اس واقعہ میں کسی کے زخمی یا ہلاک ہونے کی کوئی اطلاع نہیں ملی ہے۔

کانگریس کی جانب سے اس حلقہ کے ضمنی انتخاب کے لئے حال ہی میں اس دفتر کا افتتاح کیا گیا تھا۔

اس واقعہ کی شدید مذمت کرتے ہوئے کانگریس کے مقامی لیڈروں اورکارکنوں نے آفس کے سامنے احتجاج کیا اور اس واقعہ کی شکایت پولیس سے کی جس نے اس سلسلہ میں ایک معاملہ درج کرکے جانچ شروع کردی۔

کانگریس لیڈروں اور کارکنوں نے اس واقعہ میں ملوث ملزمین کے خلاف فوری کارروائی کرنے کاپولیس سے مطالبہ کیا ہے۔

واضح رہے کہ کانگریس کے رکن اسمبلی راج گوپال ریڈی کے پارٹی اور اسمبلی کی رکنیت سے استعفی کے بعد اس حلقہ کا ضمنی انتخاب ضروری ہوگیا ہے۔ راج گوپال ریڈی نے بی جے پی میں شمولیت اختیار کرلی ہے جبکہ بھگوا جماعت نے ان کو اس حلقہ سے اپنا امیدوار بنایا ہے۔