تلنگانہ

تلنگانہ: محکمہ اقلیتی بہبود میں 191 جائیدادوں کے بشمول بڑے پیمانے پر تقررات کا اعلان

ذرائع نے بتایا کہ حکومت نے گروپ IV کی 9,168 جائیدادوں پر تقررات کی منظوری دے دی ہے۔ اس کے مطابق تلنگانہ اسٹیٹ پبلک سرویس کمیشن (ٹی ایس پی ایس سی) جلد ہی محکمہ واری نوٹیفکیشن (اعلامیہ) جاری کرے گا۔

حیدرآباد: تلنگانہ میں سرکاری ملازمت کے متلاشیوں کے لئے ایک بڑی خوشخبری آئی ہے۔ ریاستی حکومت نے تلنگانہ اسٹیٹ پبلک سرویس کمیشن (ٹی ایس پی ایس سی) کے ذریعے مختلف سرکاری محکمہ جات میں گروپ 4 کی ہزاروں جائیدادوں پر تقررات کا اعلان کیا ہے۔

ذرائع نے بتایا کہ حکومت نے گروپ IV کی 9,168 جائیدادوں پر تقررات کی منظوری دے دی ہے۔ اس کے مطابق تلنگانہ اسٹیٹ پبلک سرویس کمیشن (ٹی ایس پی ایس سی) جلد ہی محکمہ واری نوٹیفکیشن (اعلامیہ) جاری کرے گا۔

حکومت نے اعلیٰ عہدیداروں کو مختلف سرکاری محکموں میں جونیئر اکاؤنٹنٹس اور جونیئر اسسٹنٹ کے عہدوں کے بشمول محکمہ واری مخلوعہ جائیدادوں کی مکمل تفصیلات فراہم کرنے کی ہدایت دی ہے۔

ریاستی وزیر فینانس ٹی ہریش راؤ نے ایک ٹویٹ کرکے اس بات کی اطلاع دی۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کی قیادت میں تلنگانہ حکومت عوام سے کئے گئے وعدوں اور ان کی خواہشات کی تکمیل میں مصروف ہے۔ وزیراعلیٰ نے بھاری تعداد میں سرکاری جائیدادوں پر تقررات کی اجازت دی ہے۔ انہوں نے امیدواروں کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

آج یعنی جمعہ کو جاری کردہ احکامات کے مطابق محکمہ فینانس اور محکمہ بلدی نظم و نسق (میونسپل ایڈمنسٹریشن) میں جونیئر اکاؤنٹنٹس کی 429 جائیدادیں خالی ہیں۔

میونسپل ایڈمنسٹریشن میں وارڈ عہدیداروں کی مزید 1,862 جائیدادیں اور مالیاتی محکموں میں جونیئر آڈیٹرز کی 18 جائیدادوں پر بھی تقررات کو منظور دی گئی ہے۔  

اسی طرح دیگر مختلف محکموں میں جونیر اسسٹنٹ کی جملہ 6,859 جائیدادیں مخلوعہ ہیں۔ محکمہ زراعت اور امداد باہمی میں 44، حیوانات اور ماہی پروری میں 2، بی سی ویلفیئر میں 307، سیول سپلائیز میں 72، محکمہ برقی میں 2، ماحولیات اور جنگلات میں 23، محکمہ فینانس میں 46، جنرل ایڈمنسٹریشن میں پانچ اور محکمہ صحت میں 338 جائیدادیں مخلوعہ ہیں۔  

محکمہ اعلیٰ تعلیم میں 742، محکمہ داخلہ میں 133، صنعت و تجارت میں 7، آبپاشی میں 51، محکمہ محنت اور روزگار میں 128، محکمہ اقلیتی بہبود میں 191 اور محکمہ بلدی نظم و نسق میں 601 جائیدادیں خالی بتائی جاتی ہیں۔

دیگر محکموں جیسے پنچایت راج میں 1,245، منصوبہ بندی میں 2، ریوینیو میں 2077، ایس سی ڈیولپمنٹ میں 474، محکمہ ثانوی تعلیم میں 97، محکمہ ٹرانسپورٹ، عمارات و شوارع میں 20 اور قبائلی بہبود میں 221 جبکہ خواتین اور بچوں کی بہبود کے محکمہ میں 18 خالی جائیدادیں شامل ہیں۔