دہلی

مودی سرنیم کیس، معذرت نہیں کروں گا: راہول گاندھی

مودی سر نیم ریمارک پر راہول گاندھی نے پھر ایک بار معذرت خواہی سے انکار کردیا۔ واضح رہے کہ اس معاملہ سے متعلق مقدمہ میں راہول گاندھی کو سزاء سنائی گئی تھی جس کے بعد اُنہیں لوک سبھا کی رکنیت کیلئے نااہل قرار دیا گیا تھا۔

نئی دہلی: مودی سر نیم ریمارک پر راہول گاندھی نے پھر ایک بار معذرت خواہی سے انکار کردیا۔ واضح رہے کہ اس معاملہ سے متعلق مقدمہ میں راہول گاندھی کو سزاء سنائی گئی تھی جس کے بعد اُنہیں لوک سبھا کی رکنیت کیلئے نااہل قرار دیا گیا تھا۔

اُنہوں نے معذرت خواہی سے انکار کرتے ہوئے سپریم کورٹ پر زوردیا کہ ہتک عزت کے مقدمہ میں اُن کی سزاء پر حکم التواء جاری کیا جائے۔

اُنہوں نے خود کو بے قصور قراردیا۔ بی جے پی لیڈر اور سابق ریاستی وزیر (گجرات) پورنیش مودی نے 2019 میں راہول گاندھی کیخلاف ہتک عزت کا ایک مقدمہ دائر کیا تھا کیونکہ راہول گاندھی نے 13 اپریل 2019 کو کرناٹک کے کولار میں ایک انتخابی ریالی سے خطاب کرتے ہوئے ریمارک کیا تھا کہ کیسے تمام چوروں کے مشترکہ سرنیم مودی ہیں؟

اُنہوں نے عدالت عظمیٰ میں ایک حلف نامہ داخل کرتے ہوئے کہاکہ اگر معذرت خواہی کرنی ہوتی تو وہ بہت پہلے کرلیتے۔

اُنہوں نے کہاکہ نریندرمودی نے بھی اُن کیلئے مغرور اور ضدی جیسے الفاظ استعمال کئے ہیں کیونکہ میں نے معذرت خواہی سے پہلے بھی انکارکردیا تھا۔

اُنہوں نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ مودی نام کی کوئی کمیونٹی یا ”سماج“ کا وجود نہیں ہے اِس لئے مودی کمیونٹی کو بدنام کرنے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا“۔

قبل ازیں گجرات ہائیکورٹ نے راہول گاندھی کی سزاء پر روک لگانے سے انکارکردیا تھا جس کے بعد سینئر کانگریس لیڈر سپریم کورٹ سے رجوع ہوئے۔