شادی کے نام پر لوگوں کو لوٹ لینے والی شاطر دلہن کا مددگار پولیس کے حوالے
کرناٹک کے رہنے والے شیوا کمار نے آسانی کے ساتھ رقم کمانے کے لئے تلنگانہ کے محبوب نگر ضلع سے تعلق رکھنے والی ایک لڑکی کے ساتھ مل کر سادہ لوح افراد کو شادی کے نام پر ٹھگنے کا منصوبہ بنایا۔

حیدرآباد: شادی کے نام پر تین افراد سے لاکھوں روپے لوٹ لینے والی شاطر دلہن کے مددگار کو پکڑ کر پولیس کے حوالے کردیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق کرناٹک کے رہنے والے شیوا کمار نے آسانی کے ساتھ رقم کمانے کے لئے تلنگانہ کے محبوب نگر ضلع سے تعلق رکھنے والی ایک لڑکی کے ساتھ مل کر سادہ لوح افراد کو شادی کے نام پر ٹھگنے کا منصوبہ بنایا۔
یہ دونوں ایسے افراد کو نشانہ بناتے تھے جو پہلی بیوی کی موت یا چھوڑ دینے پر دوسری شادی کرنا چاہتے تھے۔
شیوا کمار نے 8 ماہ قبل نظام آباد ضلع کے سری کنڈا منڈل سے تعلق رکھنے والے لکشمن کی دوسری شادی محبوب نگر کی اس لڑکی سے کروائی۔ لکشمن کے چار بچے ہیں۔ اس کی بیوی کا 20 سال پہلے انتقال ہواتھا۔
شادی کے کچھ دن بعد لڑکی نے بتایا کہ وہ اپنی ماں کے گھر جارہی ہے۔ یہ کہتے ہوئے وہ لاپتہ ہوگئی۔
کافی دن انتظار کے بعد لکشمن نے شادی کروانے والے شیوا کمار سے ربط پیدا کیا اور دلہن کو گھر بھیجنے کا مطالبہ کیاجس پر اس نے لکشمن کو یقین دلایا کہ ایک ہفتہ کے اندر لڑکی واپس آجائے گی۔
جب کئی دنوں تک انتظار کے بعد لڑکی واپس نہ آئی تو لکشمن کو احساس ہوا کہ اسے دھوکہ دیا گیا ہے۔ شیواکمار پہلے ہی اسی لڑکی کی دو دیگر افراد کے ساتھ شادی کرا چکا تھا۔
حال ہی میں اسی لڑکی سے راجناسرسلہ ضلع کے بوئن پلی منڈل کے ایک گاؤں کے ایک نوجوان کے ساتھ شادی کا معاہدہ کرنے کے لئے شیوا کمار ویمولہ واڑہ ٹاون پہنچا تھا۔
اس واقعہ کا علم ہونے کے بعد لکشمن اور اس کے رشتہ دار وہاں پہنچے اور شیواکمار کو پکڑ کر پولیس کے حوالے کر دیاگیا۔ پولیس لڑکی کی تلاش کررہی ہے۔