لفٹننٹ کرنل ونئے بھانو کی آخری رسومات تلنگانہ میں انجام دی گئیں
گورنر ڈاکٹر تمیلی سائی سوندرا راجن نے بھی ان کی لاش پر پھول چڑھائے۔ گورنر نے کہا کہ ملک اس بہادر عہدیدار کی خدمات اور قربانیوں کو یاد رکھے گا۔ گورنر نے غمزدہ ارکان خاندان سے گہری تعزیت کا اظہار کیا۔

حیدرآباد: اروناچل پردیش میں آپریشن سورتی کے دوران 16مارچ کو فرائض کی انجام دہی کے سلسلہ میں اپنی جان کی قربانی دینے والے تلنگانہ کے لفٹنٹ کرنل ونئے بھانو ریڈی کی آخری رسومات آج دوپہر یادادری بھونگیر ضلع کے بوملارامارم آبائی علاقہ میں انجام دے دی گئی۔
قبل ازیں ان کی لاش کو یادادری ضلع میں فوج کی گاڑی میں لایا گیا جہاں پر مقامی افراد نے شہید بھانوریڈی کو خراج پیش کیا۔ وزیر بجلی جگدیش ریڈی اور فوج کے سینئر عہدیداروں نے ضلع میں لاش کو لائے جانے پر انہیں خراج پیش کیا۔
قبل ازیں آج صبح لاش کو مکمل فوجی اعزازات کے ساتھ حیدرآباد لا یاگیا۔ایرپورٹ سے لاش کوآبائی علاقہ منتقل کیا گیا۔ اس عہدیدار کی جانب سے قوم کے لئے ناقابل فراموش خدمات پر ان کی لاش پر پھول نچھاور کئے گئے۔ بریگیڈیر سوماشنکرآفیشیٹنگ جنرل آفیسر کمانڈنگ تلنگانہ و آندھراسب ایریا کے علاوہ لفٹنٹ کرنل ونئے بھانو ریڈی کے والد نے ان کی لاش پر پھول چڑھائے۔
گورنر ڈاکٹر تمیلی سائی سوندرا راجن نے بھی ان کی لاش پر پھول چڑھائے۔ گورنر نے کہا کہ ملک اس بہادر عہدیدار کی خدمات اور قربانیوں کو یاد رکھے گا۔ گورنر نے غمزدہ ارکان خاندان سے گہری تعزیت کا اظہار کیا۔