سوشیل میڈیاشمالی بھارت

یوپی مدرسہ بورڈ کے کیلنڈر پر رکن قمرعلی کا اعتراض

اترپردیش مدرسہ ایجوکیشن بورڈ کے ایک رکن نے آئندہ سال کے کیلنڈر کی اجرائی پر جس میں مدارس ِ دینیہ کو جمعہ کو ہفتہ واری تعطیل درج ہے‘ احتجاج کیا ہے۔

لکھنو: اترپردیش مدرسہ ایجوکیشن بورڈ کے ایک رکن نے آئندہ سال کے کیلنڈر کی اجرائی پر جس میں مدارس ِ دینیہ کو جمعہ کو ہفتہ واری تعطیل درج ہے‘ احتجاج کیا ہے۔

اس کا کہنا ہے کہ اس نے دیگر سرکاری اسکولوں کی طرح اتوار کو تعطیل کی تجویز پیش کی تھی جسے نظرانداز کردیا گیا۔

بورڈ کے رکن قمر علی نے پیر کے دن کہا کہ میں چیف منسٹر یوگی آدتیہ ناتھ سے شکایت کروں گا کہ بورڈ میں تبادلہ خیال کے بغیر کیلنڈر جاری کردیا گیا۔ قمر علی نے کہا کہ میں نے 20 دسمبر کو بورڈ میٹنگ میں جمعہ کے بجائے اتوار کی تعطیل کی تجویز رکھی تھی جس پر اگلی میٹنگ میں تبادلہ خیال متوقع تھا۔

پی ٹی آئی سے بات چیت میں بورڈ کے رکن نے کہا کہ صدرنشین افتخار احمد جاوید نے دیگر ارکان سے صلاح و مشورہ کے بغیر 24 دسمبر کو کیلنڈر برائے سال 2023 جاری کردیا۔

مدرسوں میں اتوار کی چھٹی کی میری تجویز پر صدرنشین بورڈ نے کھلے عام کہا تھا کہ جنوری میں بورڈ کے کھلے اجلاس میں اس پر غور ہوگا۔ بورڈ سربراہ پر من مانی کا الزام عائد کرتے ہوئے قمر علی نے کہا کہ افتخار احمد جاوید کوئی بھی کام کرنے سے پہلے ارکان ِ بورڈ سے رائے نہیں لیتے۔

ارکان ِ بورڈ مسلم فرقہ کو جواب دہ ہیں۔ نقصان دہ فیصلے لئے جائیں تو عجیب صورتِ حال پیدا ہوتی ہے۔ صدرنشین بورڈ افتخار احمد جاوید نے قمرعلی کے الزامات کو غلط ٹھہرایا۔

انہوں نے کہا کہ قمر علی چاہیں تو چیف منسٹر سے شکایت کرسکتے ہیں لیکن معمول کا کام ہوتا رہے گا۔ جمعہ کے بجائے اتوار کی تعطیل پر بورڈ کی آئندہ ماہ کی میٹنگ میں غوروفکر کے بارے میں پوچھنے پر انہوں نے کہا کہ اس کی کوئی ضرورت نہیں ہے۔