تلنگانہ

قرض واپسی کیلئے دباؤ ڈالنے پر نوجوان کا قتل

پریم کمار نے قرض کی ادائیگی کے بہانے اشوک کو طلب کیا جس پر وہ اپنی بائیک کے ذریعہ متیالمپاڈو چوراہے پر پہنچا۔ منصوبہ کے مطابق اشوک کو ملزم پریم کمار نے مقامی پنچایت دفتر لے جا کر اس کا بے دردی سے قتل کر دیا۔

حیدرآباد: قرض کی رقم کی واپسی کے لئے دباؤ ڈالنے پرنوجوان کو رقم دینے کے بہانے طلب کرتے ہوئے بڑی ہی بے دردی سے قتل کردیا گیا۔ یہ واردات تلنگانہ کے بھدرادری کوتہ گوڑم ضلع کے ٹیکولاپلی منڈل میں پیش آئی۔

تفصیلات کے مطابق 24سالہ اشوک کمار، کھمم میں ایک سافٹ ویئر کمپنی میں کام کررہا تھا۔ اشوک ضرورت پڑنے پر پریم کمار کو قرض دیتا تھا۔ پریم کمار،اشوک کا 80 ہزار روپے تک کا مقروض تھا۔

اشوک نے اپنی ثالثی سے ایک اور شخص کو قرض دیا تھا۔ اشوک ان دونوں سے اس کی رقم واپس کرنے کیلئے اصرار کررہا تھا۔اسی معاملہ میں ان کے درمیان جھگڑے ہورہے تھے۔

پریم کمار نے قرض کی ادائیگی کے بہانے اشوک کو طلب کیا جس پر وہ اپنی بائیک کے ذریعہ متیالمپاڈو چوراہے پر پہنچا۔ منصوبہ کے مطابق اشوک کو ملزم پریم کمار نے مقامی پنچایت دفتر لے جا کر اس کا بے دردی سے قتل کر دیا۔

اس معاملہ میں دیگر لوگوں کے بھی ملوث ہونے کا شبہ ہے۔ جب اشوک صبح تک گھر واپس نہیں آیا تو اس کے والدین پولیس سے رجوع ہوئے۔ پولیس کو اشوک کی لاش کی اطلاع ملی جس پر پولیس وہاں پہنچ گئی اور لاش کا معائنہ کیا۔

پولیس نے اس سلسلہ میں شکایت پر معاملہ درج کیا۔ بتایاجاتا کہ پریم کمار کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔اشوک کے رشتہ داروں نے ملزم کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کرتے ہوئے احتجاج کیا۔ ساتھ ہی اشوک کے قتل کے ملزم پریم کمارکے گھر پر حملہ کیاگیا، تاہم پولیس نے وہاں پہنچ کر صورتحال کا جائزہ لیااور حالات کو قابو میں کرلیا۔

پولیس نے شبہ ظاہر کیاکہ اس قتل کے معاملہ میں ملزم پریم کمار کے ساتھ دیگر بھی شامل تھے جن کا تعلق کوتہ گوڑم اور کھمم سے ہے۔ پولیس اس زاویہ سے بھی جانچ کررہی ہے۔