کھیل

آسٹریلیا‘ انگلینڈ ہماری کرکٹ میں مداخلت نہ کریں: گواسکر

سابق ہندوستانی کرکٹر سنیل گواسکر نے آسٹریلیا اور انگلینڈ کو ہندوستانی کرکٹ میں مداخلت نہ کرنے کا مشورہ دیا ہے۔

ممبئی: سابق ہندوستانی کرکٹر سنیل گواسکر نے آسٹریلیا اور انگلینڈ کو ہندوستانی کرکٹ میں مداخلت نہ کرنے کا مشورہ دیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق سنیل گواسکر نے انگلینڈ اور آسٹریلیا کو کہاکہ آپ اپنے مفادات کا خیال رکھیں، اپنی کرکٹ کا خیال رکھیں، براہ کرم ہمارے معاملات میں مداخلت نہ کریں۔

انہوں نے کہاکہ ہمیں یہ مت بتائیں کہ ہمیں کیا کرنا ہے، ہم اپنے مفادات کا خیال بہتر انداز میں رکھ سکتے ہیں اس لئے آپ کی رہنمائی کی ضرورت نہیں ہے۔

سنیل گواسکر نے کہاکہ جنوبی افریقہ اور متحدہ عرب امارات کی لیگز کے بارے میں خبر آتے ہی انگلینڈ اور آسٹریلیا نے ہلچل شروع کردی ہے۔ گواسکر نے مزید کہا کہ انگلینڈ اور آسٹریلیا شیڈولنگ کے بارے میں فکر مند ہیں کیونکہ نئے ٹورنامنٹ ان کی ٹی 20 لیگز کے شیڈول سے ٹکراسکتے ہیں۔

سابق ہندوستانی کپتان نے یہ بھی کہا کہ یو اے ای اور جنوبی افریقہ کی لیگ آسٹریلیا کیلئے پریشان کن ہے، بگ بیش اور ٹی ٹوئنٹی لیگ ایک ہی وقت میں ہونے والی ہیں اس لئے ممکن ہے کہ ان کے کچھ کھلاڑی بگ بیش کے بجائے یو اے ای اور جنوبی افریقہ کی لیگ کھیلنے چلے جائیں گے۔

انگلینڈ اور آسٹریلیا نے کہا تھاکہ انڈین پریمیر لیگ (آئی پی ایل) کی وجہ سے بین الاقوامی کرکٹ کیلنڈر میں خلل پڑ رہا ہے۔ آئی پی ایل کے متعدد فرنچائز مالکان نے جنوبی افریقہ اور متحدہ عرب امارات میں ہونے والی ٹی 20 لیگز میں ٹیمیں خریدلی ہیں جن کا آسٹریلیا کی بگ بیش لیگ اور انگلینڈ کی دی ہنڈریڈ کے شیڈول سے ٹکراو کا امکان ہے۔