کھیل

بمراہ اور ہرشل پٹیل ٹی ٹوئنٹی ٹیم میں واپسی کیلئے تیار

اہم گیند باز جسپریت بمراہ اور ہرشل پٹیل جو انجری کی وجہ سے ایشیا کپ۔2022 سے باہر ہوگئے تھے، فٹ ہونے کے بعد ٹیم میں واپسی کیلئے تیار ہیں۔

ممبئی: اہم گیند باز جسپریت بمراہ اور ہرشل پٹیل جو انجری کی وجہ سے ایشیا کپ۔2022 سے باہر ہوگئے تھے، فٹ ہونے کے بعد ٹیم میں واپسی کیلئے تیار ہیں۔

بمراہ کو کولہے میں چوٹ لگی تھی اور ہرشل کو سائیڈ میں تناؤ تھا۔ دونوں کھلاڑی بنگلور کی نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں اپنی انجری پر کام کررہے تھے۔ این سی اے میں بولنگ پریکٹس بھی کر رہے تھے اور اب فٹ ہیں۔ دونوں کھلاڑی آسٹریلیا اور جنوبی افریقہ کیخلاف سیریز میں واپسی کیلئے تیار ہیں۔ یہ دونوں کھلاڑی انجری کے باعث ایشیا کپ سے پہلے ہی باہر ہوگئے تھے۔

ایشیا کپ میں ٹیم انڈیا تین اہم تیز گیند بازوں کے ساتھ ایشیا گئی تھی اور ساتھ ہی ہاردک پانڈیا کی شکل میں ایک اور تیز گیند بازی کا آپشن تھا۔ سلیکٹرز آسٹریلیا اور جنوبی افریقہ کے خلاف ٹی 20 سیریز میں بمراہ اور پٹیل کی پیشرفت پر نظر رکھیں گے۔

ان دونوں کا ٹیم میں آنا یقینی ہے، ایسی صورتحال میں ان دونوں کیلئے موجودہ ٹیم میں جگہ بنانا ہوگی۔ ایسی صورتحال میں ایک تیز گیند باز اور اسپنر کو ٹیم سے باہر جانا پڑسکتا ہے۔ ایشیا کپ میں ہندوستانی ٹیم چار اسپنرز یوزویندر چہل، روی چندرن اشون، روی بشنوئی اور اکشر پٹیل ٹیم کے ساتھ گئی تھی۔

رویندر جڈیجہ بھی زخمی ہوئے اور ان کی جگہ پٹیل کو ٹیم میں شامل کیاگیا۔ اب ان چاروں میں سے کسی ایک کو باہر جانا پڑے گا اور یہ نام ممکنہ طورپر روی بشنوئی کا ہوسکتاہے۔ حتمی فیصلہ سلیکشن کمیٹی ٹیم انتظامیہ سے بات کرنے کے بعد کرے گی۔ ٹیم انڈیا کا ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کیلئے 16 ستمبر کو انتخاب ہوسکتا ہے۔