دہلی

شاہ فیصل کی ملازمت بحال‘ وزارت سیاحت میں ڈپٹی سکریٹری مقرر

رہائی کے بعد انہوں نے سیاست چھوڑدی تھی اور اشارے دینے لگے تھے کہ وہ دوبارہ سرکاری نوکری کریں گے۔ حکومت نے ان کا استعفیٰ قبول نہیں کیا تھا اور اسے زیرالتوا رکھا تھا۔

نئی دہلی: مرکزی حکومت نے متنازعہ آئی اے ایس عہدیدار شاہ فیصل کو بحال کردیا ہے اور انہیں وزارت ِ سیاحت میں ڈپٹی سکریٹری مقرر کیا ہے۔ محکمہ پرسونل و ٹریننگ (ڈی او پی ٹی) نے 2 دن قبل اس سلسلہ میں احکام جاری کردیئے۔

مرکز نے 4 ماہ قبل شاہ فیصل کی یہ درخواست قبول کرلی تھی کہ ان کا استعفیٰ واپس کردیا جائے اور ان کی ملازمت بحال کردی جائے۔ 2010  کے آئی اے ایس ٹاپر (جموں و کشمیر کیڈر) نے 2019میں ملازمت سے استعفیٰ دے کر سیاست میں قدم رکھا تھا۔ اگست 2020 میں انہوں نے سیاست چھوڑدی تھی۔

استعفیٰ کے فوری بعد شاہ فیصل نے جموں اینڈ کشمیر پیپلز موومنٹ (جے کے پی ایم) قائم کی تھی۔ سابق ریاست جموں وکشمیر کو خصوصی موقف سے محروم کرنے کے بعد انہیں سخت پبلک سیفٹی ایکٹ (پی ایس اے) کے تحت حراست میں لیا گیا تھا۔

رہائی کے بعد انہوں نے سیاست چھوڑدی تھی اور اشارے دینے لگے تھے کہ وہ دوبارہ سرکاری نوکری کریں گے۔ حکومت نے ان کا استعفیٰ قبول نہیں کیا تھا اور اسے زیرالتوا رکھا تھا۔ سیول سروس میں آنے سے قبل شاہ فیصل ڈاکٹر تھے۔ وہ جموں وکشمیر سے یوپی ایس سی امتحان ٹاپ کرنے والے پہلے شخص ہیں۔