کھیل

ارجنٹائن فیفا ورلڈ چمپئن، پنالٹی شوٹ آؤٹ میں فرانس کو شکست

حالانکہ آج کا فائنل میچ انتہائی سنسنی خیز انداز میں آخر تک دلچسپی سے بھرپور رہا کیونکہ دونوں ٹیموں نے زبردست اور شاندار کھیل کا مظاہرہ پیش کرتے ہوئے دنیا بھر کے شائقین کو لمحہ آخر تک دم بخود کئے رکھا۔

دوحہ: ارجنٹائن نے آج شام قطر کے لوسیل اسٹیڈیم میں کھیلے گئے فیفا ورلڈ کپ 2022 کے انتہائی سنسنی خیز فائنل میچ میں فرانس کو شکست دے کر ورلڈ چمپئن کا خطاب اپنے نام کرلیا ہے۔ میچ کا مکمل وقت ختم ہونے کے بعد 30 منٹ کا اضافی وقت دیا گیا جس کے بعد دونوں ٹیمیں 3-3 گول کرکے برابری پر تھیں جس پر پنالٹی شوٹ آؤٹ کے ذریعہ میچ کا فیصلہ ہوا۔

واضح رہے کہ گذشتہ ورلڈ کپ 2018 فرانس نے جیتا تھا اور وہ دفاعی چمپئن کی حیثیت سے ٹورنامنٹ میں شامل ہونے کے بعد دوبارہ فائنل میچ کھیل رہی تھی۔

اگر فرانس فائنل جیت جاتی تو برازیل کے بعد دوسری ٹیم بن جاتی جس نے لگاتار دو مرتبہ ورلڈ چمپئن کا خطاب اپنے نام کیا تھا۔ تاہم وہ ریکارڈ آج نہیں ٹوٹ پایا حالانکہ آج کا فائنل میچ انتہائی سنسنی خیز انداز میں آخر تک دلچسپی سے بھرپور رہا کیونکہ دونوں ٹیموں نے زبردست اور شاندار کھیل کا مظاہرہ پیش کرتے ہوئے دنیا بھر کے شائقین کو لمحہ آخر تک دم بخود کئے رکھا۔

ابتداء میں جب میچ شروع ہوا تو ہاف ٹائم تک میچ پر صرف ارجنٹائن چھائی رہی اور فرانس کو گیند اپنے پاس رکھنے کا کوئی موقع نہیں دیا۔ پہلے ہاف میں ارجنٹائن نے انتہائی شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے دو گول داغے اور ایسا لگا کہ اس نے ناقابل تسخیر سبقت حاصل کرلی ہے لیکن دوسرے ہاف کے بعد فرانس نے جب کھیل میں واپس آنا شروع کیا اور لگاتار دو گول داغے تو میچ سنسنی خیز موڑ پر پہنچ گیا اور یہ اندازہ لگانا مشکل ہوگیا کہ کونسی ٹیم ورلڈ چمپئن کا خطاب اپنے نام کرنے والی ہے؟

فرانس کے ایک فاؤل کے باعث 23 ویں منٹ میں ارجنٹائن کو ایک پنالٹی کک مل گئی جسے کپتان میسی نے آسانی کے ساتھ گول میں تبدیل کردیا۔ اس کے بعد 36 ویں منٹ میں کپتان لیونارڈو میسی کے ہی پاس پر ڈی ماریا نے خوبصورت گول بناکر ارجنٹائن کو مزید ایک گول کی سبقت دلادی جس کے بعد فرانسیسی کھلاڑیوں کا جوش و خروش کچھ ماند پڑگیا۔

اس دوران ہاف ٹائم ہوگیا اور جب میچ دوبارہ شروع ہوا فرانس کا کھیل کچھ الگ ہی انداز کا نظر آیا۔ اس دوران ارجنٹائن کے ایک کھلاڑی کی غلطی پر فرانس کو ایک پنالٹی کک دے دی گئی جسے امباپے نے (80 ویں منٹ میں) گول میں تبدیل کرکے فرانس کی ہمت بڑھادی۔ اس کے ساتھ ہی فرانسیسی شائقین کے جوش و خروش میں بھی اضافہ ہوگیا جس کا نتیجہ یہ ہوا کہ فرانس نے اگلے ہی منٹ میں ایک اور گول داغ کر میچ کو برابری پر لادیا۔ یہ گول بھی امباپے نے کیا۔

اس دوران ارجنٹائن کے کھلاڑیوں کے حوصلے کچھ پست ہوتے نظر آئے اور 90 منٹ کا کھیل 2-2 کی برابری پر ختم ہوگیا۔ اس کے بعد مزید 30 منٹ کا اضافی وقت دیا گیا۔ اس دوران ارجنٹائن نے فرانس کے گول پوسٹ پر حملے شروع کردیئے جس کا انجام یہ ہوا کہ ارجنٹائن نے تیسرا گول داغ کر دوبارہ سبقت حاصل کرلی۔ یہ گول 108 ویں منٹ میں میسی نے کیا۔

اب ارجنٹائن کو فرانس کے دو گول کے مقابلے تین گول کی سبقت حاصل تھی کہ 118 ویں منٹ میں گیند ارجنٹائن کے ایک کھلاڑی کے ہاتھ کو چھو گئی جس پر ریفری نے فرانس کے حق میں پنالٹی کک دے دی۔ امباپے نے اس پنالٹی کک کو گول میں تبدیل کرکے فرانس کو تین تین کی برابری پر لاکھڑا کیا جبکہ میچ ختم ہونے میں صرف 2 منٹ باقی رہ گئے تھے۔

باقی بچے وقت میں بھی جب کوئی ٹیم گول نہیں کرسکی اور دونوں کا اسکور تین تین سے برابری پر تھا تو پنالٹی شوٹ آؤٹ کا فیصلہ کیا گیا جس میں ارجنٹائن نے فرانس کو 2 گول کے مقابلے 4 گول سے شکست دے کر فیفا ورلڈ کپ 2022 کی ٹرافی اپنے نام کرلی۔

پنالٹی شوٹ آؤٹ کے ہیرو ارجنٹائن کے گول کیپر ایمی لیانو مارٹینیز رہے جنہوں نے ایک گول روکا جبکہ فرانس کا ایک کھلاڑی گیند کو گول پوسٹ کی طرف مارنے میں ہی ناکام رہا جبکہ دوسری طرف ارجنٹائن نے لگاتار چار گول کئے۔

اس کے ساتھ ہی ارجنٹائن نے تیسری مرتبہ فیفا ورلڈ چمپئن کا خطاب اپنے نام کرلیا۔ اس نے 1978 اور 1986 میں بھی ورلڈ کپ جیتا تھا۔