آندھراپردیش

فون ٹیاپنگ پر مرکزی وزارت داخلہ سے شکایت

آندھراپردیش کی حکمراں جماعت وائی ایس آر کانگریس پارٹی کے باغی رکن اسمبلی کوٹم سریدھر ریڈی نے فون ٹیاپنگ کے بارے میں مرکزی وزارت داخلہ سے شکایت کی ہے۔

امراوتی: آندھراپردیش کی حکمراں جماعت وائی ایس آر کانگریس پارٹی کے باغی رکن اسمبلی کوٹم سریدھر ریڈی نے فون ٹیاپنگ کے بارے میں مرکزی وزارت داخلہ سے شکایت کی ہے۔

حلقہ نیلور رورل کے رکن اسمبلی جنہوں نے فون ٹیاپنگ کے الزام پرپارٹی کیخلاف علم بغاوت بلندکیاہے‘ نے چہارشنبہ کے روز کہاکہ وہ اس معاملہ کی تحقیقات کرانے کے لئے مرکزی داخلہ کو مکتوب روانہ کرچکے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ اپائنٹمنٹ ملنے کے بعد وہ خودنئی دہلی جائیں گے اور مرکزی وزارت داخلہ کے عہدیداروں سے شخصی طورپر ملاقات کرتے ہوئے انہیں فون ٹیاپنگ کے بارے میں تفصیلات حوالے کریں گے۔

سریدھر ریڈی نے کہاکہ میرا فون ٹیاپ کرنے کا جب اس نے مسئلہ اٹھایا تب سے ریاستی وزراء اور حکمراں جماعت کے قائدین مجھے تنقید کا نشانہ بنارہے ہیں۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ فون پرانہیں دھمکیاں مل رہی ہیں اور ان کے خلاف جھوٹے مقدمات دائر کئے جارہے ہیں۔

ریڈی نے کہاکہ فرضی مقدمات سے وہ خوفزدہ نہیں ہوں گے اورچاہے کچھ بھی ہوجائے وہ بے خوف ہوکر اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے۔انہوں نے کہاکہ جب میں نے عوامی مسائل کواجاگر کیا اور حلقہ میں سڑکوں کی خراب حالت‘پینے کے پانی کی سربراہی اور دیگر عوامی مسائل پر اظہارخیال کیا تب سے میرا فون ٹیاپ کیاجارہا ہے۔

انہوں نے کہاکہ میرا دعویٰ ہے کہ چیف منسٹرکی ایماکے بغیر فون ٹیاپنگ ممکن نہیں ہے۔ سریدھر ریڈی نے کہاکہ واضح کردینا چاہتے ہیں کہ وہ پارٹی میں مزید نہیں رہیں گے کیونکہ انہیں مشکوک نظروں سے دیکھا جارہاہے تاہم حکمراں جماعت وائی ایس آر کانگریس پارٹی کے قائدین نے ریڈی کے ان الزامات کومسترد کردیا۔