کھیل

بابر اعظم کو پیچھے چھوڑ کر رضوان ٹی ٹوئنٹی کے نئے بادشاہ بن گئے

ایشیا کپ میں اب تک فلاپ رہنے والے پاکستانی کپتان دوسرے نمبر پر کھسک گئے ہیں۔ تازہ ترین درجہ بندی میں ہندوستانی کپتان روہت شرما کو بھی فائدہ ہوا ہے۔ وہ بلے بازوں کی رینکنگ میں 13ویں نمبر پر آگئے ہیں۔

دبئی: آئی سی سی نے ایشیا کپ 2022 سپر 4 کے درمیان بدھ کو ٹی ٹوئنٹی کرکٹ کی رینکنگ جاری کی جس میں پاکستان کے سلامی بلے باز محمد رضوان تازہ ترین رینکنگ میں پہلی پوزیشن پر آگئے ہیں جبکہ بابر اعظم دوسرے نمبر پر ہیں۔

ایشیا کپ میں اب تک فلاپ رہنے والے پاکستانی کپتان دوسرے نمبر پر کھسک گئے ہیں۔ تازہ ترین درجہ بندی میں ہندوستانی کپتان روہت شرما کو بھی فائدہ ہوا ہے۔ وہ بلے بازوں کی رینکنگ میں 13ویں نمبر پر آگئے ہیں۔ گزشتہ رات سری لنکا کے خلاف کھیلے گئے میچ میں ہٹ مین نے 72 رنز کی شاندار اننگز کھیلی تھی۔

آئی سی سی کی جانب سے جاری کردہ تازہ رینکنگ کے مطابق ایک ہزار دن سے زائد ٹی20 کے عالمی نمبر ایک بلے باز کے منصب پر براجمان رہنے والے بابر اعظم، ایشیا کپ میں ناقص فارم کے سبب تنزی کا شکار ہو کر 794 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر آ گئے ہیں۔

بابر کے برعکس رضوان نے بہترین کھیل پیش کیا اور وہ اب تک ایونٹ میں 193 رنز بنا کر سب سے کامیاب بلے باز ہیں۔انہوں نے ہانک کانگ اور ہندوستان کے خلاف میچ میں بالترتیب 78 اور 71 رنز کی اننگز کھیل کر پاکستان کی فتوحات کی راہ ہموار کی۔

اس عمدہ کارکردگی کی بدولت گزشتہ دو سال سے بہترین کھیل پیش کرنے والے وکٹ کیپر بلے باز ٹی20 کے نمبر ون بلے باز بننے میں کامیاب ہوگئے۔