کھیل

ریشبھ پنت نے گھر میں چہل قدمی شروع کردی

ہندوستان کے اسٹار کرکٹر رشبھ پنت اب آہستہ آہستہ صحت یاب ہورہے ہیں۔ پنت گزشتہ سال دسمبر میں ایک کار حادثہ میں شدید زخمی ہوگئے تھے۔ ان کے دائیں پیر میں چوٹ تھی جس کی سرجری کی گئی۔

ممبئی: ہندوستان کے اسٹار کرکٹر رشبھ پنت اب آہستہ آہستہ صحت یاب ہورہے ہیں۔ پنت گزشتہ سال دسمبر میں ایک کار حادثہ میں شدید زخمی ہوگئے تھے۔ ان کے دائیں پیر میں چوٹ تھی جس کی سرجری کی گئی۔

اب پنت نے سوشل میڈیا پر ایک تصویر شیئر کی ہے جس میں وہ بیساکھیوں کی مدد سے چلتے ہوئے نظر آرہے ہیں۔ کار حادثے کے بعد یہ ان کی پہلی تصویر ہے جسے انہوں نے شیئر کیاہے۔ پنت نے تصویر کے ساتھ کیپشن میں لکھا ایک قدم آگے، ایک قدم مضبوط، ایک قدم بہتر۔ پنت کی ٹانگ پر پٹی لگی ہوئی ہے۔

وہ بیساکھیوں کے سہارے چلنے کی کوشش کررہے ہیں۔ اس سے قبل پنت نے انسٹاگرام پر ایک اسٹوری بھی پوسٹ کی تھی جس میں انہوں نے آنگن کی تصویر شیئر کی تھی۔ رشبھ پنت 30 دسمبر کو ایک سڑک حادثے کا شکار ہوگئے تھے۔ روڑکی کے قریب ان کی گاڑی کو حادثہ پیش آیا۔

اس حادثے میں پنت کو شدید چوٹیں آئیں۔ وہ اپنی پرائیویٹ کار میں دہلی سے روڑکی جارہے تھے اور خود گاڑی چلا رہے تھے۔ 25 سالہ بلے باز خود ونڈ اسکرین توڑکر گاڑی سے باہر نکلنے میں کامیاب ہوگئے۔ اس کے بعد گاڑی میں آگ لگ گئی۔ اس حادثے کی کئی تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہوئیں اور ویڈیوز بھی منظر عام پر آئے۔

حادثے کے بعد پنت کو روڑکی میں ہی ابتدائی طبی امداد کے بعد دہرادون کے ایک نجی اسپتال منتقل کیاگیا۔ اس کے بعد بی سی سی آئی نے ڈی ڈی سی اے کو پنت کے ساتھ مسلسل رابطے میں رہنے کی ہدایت کی تھی اور ان کی حالت پر نظر رکھنے کو کہا تھا۔ ڈی ڈی سی اے کے سربراہ شیام شرما خود پنت سے ملنے آئے تھے۔ اتراکھنڈ کے وزیر اعلی پشکر سنگھ دھامی بھی پنت سے ملنے اسپتال پہنچے تھے۔