کھیل

سری لنکا ایشیاء کپ فاتح

بھانوکا راجہ پکسے اور آل راونڈر ہسا رنگا کے شاندار مظاہرہ کی مدد سے سری لنکا نے ایشیاء کپ 2022کے فائنل میں سابق چمپئن پاکستان کو 23 رن شکست دیکر خطاب جیت لیا۔

دبئی: بھانوکا راجہ پکسے اور آل راونڈر ہسا رنگا کے شاندار مظاہرہ کی مدد سے سری لنکا نے ایشیاء کپ 2022کے فائنل میں سابق چمپئن پاکستان کو 23 رن شکست دیکر خطاب جیت لیا۔

پاکستان کو جیت کیلئے 171 رنوں کی ضرورت تھی تاہم پوری ٹیم 20 اوورس میں 147 رن بناکر آؤٹ ہوگئی۔ پاکستان کیلئے وکٹ کیپر و سلامی بلے باز محمد رضوان نے سب سے زیادہ رن بنائے۔ رضوان نے 49 گیندوں میں چار چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 55 رن بنائے جبکہ افتخار احمد 31 گیندوں میں دو چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 32 جبکہ حارث رؤف 9 گیندوں میں 13 رن بناکر آؤٹ ہوئے۔

دیگر کوئی بھی بلے باز دوہرے ہندسے کو عبور نہیں کرپایا۔ سری لنکا کی جانب سے پرامود مدوشان اور ہسارنگا نے شاندار بولنگ کرتے ہوئے ٹیم کی کامیابی میں اہم رول ادا کیا۔ ہسارنگا نے 4 اوورس میں 27 رنوں کے عوض 3 جبکہ مدوشان نے 4 اوورس میں 34 رنوں کے عوض 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ اس کے علاوہ کرونا رتنے نے بھی 33 رنوں کے عوض 2 وکٹس حاصل کئے۔ قبل ازیں سری لنکا نے پہلے بیاٹنگ کرتے ہوئے راجا پکسے کے 71 اور وینندو ہسرنگا(36) کی دھماکہ خیز اننگز کی بدولت 171 رن بنائے۔

پاکستان نے ٹاس جیت کر سری لنکا کو پہلے بیٹنگ کیلئے بلایا اور اوپنر کوسل منڈس (صفر) کو پہلے ہی اوور میں نسیم شاہ کی ایک بہترین گیند پر کیچ دے بیٹھے۔ دوسرے اوپنر نسانکا 11 گیندوں پر 8 رن بناکر آؤٹ ہوئے۔ دھننجے ڈی سلوا نے چار چوکے لگائے لیکن وہ بھی21 گیندوں میں 28 رن ہی بناسکے۔ دانشکا گناتلک(1) اور کپتان داسن شناکا(2) کے کم اسکور پر آؤٹ ہونے کے بعد سری لنکا نے58 رن پر پانچ وکٹ گنوادیئے لیکن راجا پکسے اور ہسرنگا نے محاذ سنبھالا اور چھٹی وکٹ کیلئے 58 رن کی قیمتی شراکت کی۔

ہسرنگا نے 21 گیندوں میں پانچ چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے36 رن بنائے جبکہ راجا پکسے نے45 گیندوں پر چھ چوکوں اور تین چھکوں کی مدد سے ناٹ آؤٹ71 رن بنائے۔ ہسرنگا کے آؤٹ ہونے کے بعد راجا پکسے نے چمیکا کرونارتنے (ناٹ آؤٹ 14) کے ساتھ ساتویں وکٹ کیلئے54 رن جوڑے اور 20ویں اوور کی آخری دو گیندوں پر ایک چوکا اور ایک چھکا لگاکر ٹیم کو20 اوور میں 170/6 تک پہنچادیا۔ پاکستان کی جانب سے حارث رؤف نے چار اوور میں 29 رن دیکر 3 وکٹ حاصل کئے جبکہ نسیم شاہ‘ شاداب خان اور افتخار احمد نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ محمد حسنین نے چار اوور میں 41 رنز دیے اور ایک بھی وکٹ حاصل نہ کرسکے۔