کھیل

مرمو کے ہاتھوں نکہت زرین اور دیگر کو ارجن ایوارڈ

صدر دروپدی مرمو نے آج شام راشٹرپتی بھون میں ایک تقریب میں ایوارڈ حاصل کرنے والوں کو قومی کھیل ایوارڈ 2022 اور نیشنل ایڈونچر ایوارڈ 2021 سے نوازا۔

نئی دہلی: صدر دروپدی مرمو نے آج شام راشٹرپتی بھون میں ایک تقریب میں ایوارڈ حاصل کرنے والوں کو قومی کھیل ایوارڈ 2022 اور نیشنل ایڈونچر ایوارڈ 2021 سے نوازا۔

ٹیبل ٹینس کھلاڑی شرتھ کمل اچانتا کو 2022 کے میجر دھیان چند کھیل رتن ایوارڈ سے نوازا گیا۔ اس سال کھیلوں میں شاندار کارکردگی کیلئے ارجن ایوارڈز 25 کھلاڑیوں کو دیئے گئے۔

ان میں کھلاڑی سیما پونیا اور ایلدھوس پال، شٹلرز لکشیا سین اور ایچ ایس پرنائے، خاتون باکسر نکہت زرین، ہاکی کھلاڑی دیپ گریس ایکا، ویٹ لفٹر وکاش ٹھاکر، ریسلر انشو اور سریتا اور پیرا بیاڈمنٹن کھلاڑی ترون ڈھلن شامل ہیں۔

ریگولر زمرے میں 5 کوچوں کو ڈرونا چاریہ ایوارڈ کیلئے اور لائف ٹائم زمرہ میں 3 کوچز کا انتخاب کیاگیا۔ کھیلوں میں لائف ٹائم اچیومنٹ کیلئے دھیان چند ایوارڈ چار کھلاڑیوں کو دیا گیا جن میں اشونی اکونجی سی، دھرم ویر سنگھ، بی سی سریش اور نیر بہادر گرونگ شامل ہیں۔

تین اداروں بشمول ٹرانس اسٹیڈیا انٹرپرائزز پرائیویٹ لمیٹڈ، کلنگا انسٹی ٹیوٹ آف انڈسٹریل ٹکنالوجی اور لداخ سکی اینڈ اسنو بورڈ اسوسی ایشن کو راشٹریہ کھیل پروٹشاہن پرسکار دیاگیا۔ مولانا ابوالکلام آزاد ٹرافی 2022 امرتسر کی گرو نانک دیو یونیورسٹی کو دی گئی۔ قومی کھیل ایوارڈ ہر سال کھیلوں میں بہترین کارکردگی کو تسلیم کرنے اور انعام دینے کیلئے دیا جاتا ہے۔

میجر دھیان چند کھیل رتن ایوارڈ ایک کھلاڑی کے ذریعہ کھیلوں کے میدان میں شاندار کارکردگی کیلئے دیا جاتاہے۔ کھیلوں میں شاندار کارکردگی کیلئے ارجن ایوارڈ گذشتہ 4 برسوں کے دوران اچھی کارکردگی اور قائدانہ صلاحیتوں، اسپورٹس مین شپ اور نظم و ضبط کے احساس کو دکھانے کیلئے دیا جاتاہے۔

کھیلوں میں نمایاں کوچز کیلئے درون چاریہ ایوارڈ بہترین اور قابلیت کا کام کرنے والے کوچوں کو دیا جاتاہے۔ کھیلوں میں لائف ٹائم اچیومنٹ کیلئے دھیان چند ایوارڈ ان کھلاڑیوں کے اعزاز میں دیا جاتا ہے جنہوں نے کھیلوں میں اپنا حصہ ڈالا ہے۔

راشٹریہ کھیل پروٹساہن پرسکار نجی اور سرکاری شعبوں میں کارپوریٹ اداروں، اسپورٹس کنٹرول بورڈز، این جی اوز، بشمول ریاستی اور قومی سطح پر کھیلوں کے اداروں کو دیا جاتاہے جنہوں نے کھیلوں کے فروغ اور ترقی کے شعبے میں نمایاں کردار ادا کیاہے۔