دہلی

پارٹی صدر کے انتخاب میں شفافیت کو یقینی بنایا جائے: منیش تیواری

تیواری نے سلسلہ وار ٹویٹر پیامات میں کہا کہ مدھوسدھن مستری جی میں پورے احترام کے ساتھ یہ جاننا چاہتا ہوں کہ انتخابی فہرست کو منظرعام پر لائے بغیر آزادانہ و منصفانہ الیکشن کس طرح ممکن ہے۔

نئی دہلی: کانگریس رکن پارلیمنٹ اور جی 23 قائد منیش تیواری نے آج پارٹی صدر کے انتخاب کے لئے رائے دہندوں کے نام منظرعام پر نہ لانے پر اعتراض کیا اور کہا کہ اے آئی سی سی کی ویب سائٹ پر انہیں شائع کیا جانا چاہئے تاکہ شفافیت کو یقینی بنایا جاسکے۔

 انہوں نے یہ بھی جاننا چاہا کہ صدر کانگریس کے الیکشن میں مقابلہ کے متمنی کسی بھی شخص کو پردیش کانگریس کمیٹی کے دفتر جانے اور انتخابی فہرست حاصل کرنے کی کیا ضرورت ہے۔

 کسی کلب کے انتخابات میں بھی ایسا نہیں ہوتا۔ تیواری نے سلسلہ وار ٹویٹر پیامات میں کہا کہ مدھوسدھن مستری جی میں پورے احترام کے ساتھ یہ جاننا چاہتا ہوں کہ انتخابی فہرست کو منظرعام پر لائے بغیر آزادانہ و منصفانہ الیکشن کس طرح ممکن ہے۔

 کسی بھی آزادانہ و منصفانہ عمل کا جزوئے لازم یہ ہے کہ رائے دہندوں کے نام پتے کانگریس کی ویب سائٹ پر شفاف انداز میں شائع کئے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ مستری نے جو کانگریس کی سنٹرل الیکشن اتھاریٹی کے صدرنشین ہیں‘ کہا ہے کہ فہرست کو منظرعام پر نہیں لایا گیا ہے تاہم اگر ہماری پارٹی کا کوئی رکن اس کی جانچ پڑتال کرنا چاہتا ہے تو وہ پردیش کانگریس کمیٹی کے دفتر پر ایسا کرسکتا ہے۔

 پرچہ نامزدگی داخل کرنے کے بعد امیدواروں کو بھی یہ فہرست حوالہ کردی جائے گی۔ منیش تیواری نے کہا کہ سی ڈبلیو سی نے صدر کانگریس کے الیکشن کے شیڈول کا اعلان کیا ہے۔ 28  پردیش کانگریس کمیٹیوں اور 8  علاقائی کانگریس کمیٹیوں کے لئے اعلان نہیں کیا ہے لہٰذا رائے دہندوں کا پتہ چلانے کے لئے ملک کے ہر پردیش کانگریس کمیٹی دفتر میں جانے کی کیا ضرورت ہے۔