کھیل

نریندر مودی کے ہاتھوں قومی کھیلوں کا افتتاح

وزیر اعظم نریندر مودی نے جمعرات کو کہا کہ کھیل ہزاروں برسوں سے ہندوستان کی وراثت اور ترقی کے سفر کا حصہ رہے ہیں۔

احمد آباد: وزیر اعظم نریندر مودی نے جمعرات کو کہا کہ کھیل ہزاروں برسوں سے ہندوستان کی وراثت اور ترقی کے سفر کا حصہ رہے ہیں۔

مودی آج یہاں نریندر مودی اسٹیڈیم میں 36 ویں قومی کھیلوں کا افتتاح کرتے ہوئے ملک کی تہذیب و ثقافت کی تاریخ پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا، ’’کھیل ہزاروں برسوں سے ہندوستان کی وراثت اور ترقی کے سفر کا حصہ رہے ہیں۔ آزادی کے امرت دورمیں ملک فخر سے اس روایت کو زندہ کر رہا ہے۔ ملک کی کوشش اور جوش صرف ایک کھیل تک محدود نہیں ہے، ‘کلاریپیٹو’ اور یوگاسن جیسے ہندوستانی کھیل بھی اہمیت حاصل کر رہے ہیں۔ مجھے خوشی ہے کہ ان کھیلوں کو نیشنل گیمز جیسے بڑے ایونٹس میں شامل کیا گیا ہے۔

انہوں نے ان کھیلوں کی نمائندگی کرنے والے کھلاڑیوں سے کہا، “میں خاص طور پر ایک بات کہنا چاہتا ہوں۔ ایک طرف آپ ہزاروں سال پرانی روایت کو آگے بڑھا رہے ہیں ، ساتھ ہی ساتھ کھیلوں کی دنیا کے مستقبل کی رہنمائی کر رہے ہیں۔ آنے والے وقت میں جب ان کھیلوں کو عالمی سطح پر پہچان ملے گی تو آپ کا نام ان شعبوں میں لیجنڈ کے طور پر لیا جائے گا۔

وزیراعظم نے کہا کہ نیشنل گیمز کے افتتاح کے موقع پر جو پُرجوش ماحول ہے وہ الفاظ سے باہر ہے۔ انہوں نے کہا کہ 7000 سے زائد ایتھلیٹ، 15000 سے زائد شرکاء، 35000 سے زائد کالجوں، یونیورسٹیوں اور اسکولوں و 50 لاکھ سے زائد طلباء کی نیشنل گیمز سے براہ راست وابستگی حیرت انگیز اور بے مثال ہے۔

انہوں نے کہا کہ کھلاڑیوں کے چہروں پر چمکنے والا اعتماد ہندوستانی کھیلوں کے آنے والے سنہری دور کی علامت ہے۔ انہوں نےاتنے کم وقت میں اتنا بڑا پروگرام منعقد کرنے کے لئے گجرات کے لوگوں کی قابلیت کی بھی تعریف کی۔


انہوں نے بدھ کو منعقد ہونے والے ڈرون شو کے بارے میں کہا، "احمد آباد میں جس طرح کا شاندار، عظیم الشان ڈرون شو ہوا، اسے دیکھ کر تو ہوکوئی حیرت زدہ ہے، فخر محسوس کررہا ہے۔ ٹیکنالوجی کا ایسا محتاط استعمال گجرات اور ہندوستان کو نئی بلندیوں پر لے جائے گا۔