ایشیاء

عمران خان کا تماشہ 26نومبر کو ختم ہوجائے گا: مریم اورنگ زیب

اسلام آباد یا راولپنڈی پہنچنے کے بجائے سابق وزیراعظم کو متحدہ عرب امارات یا برطانیہ کی فلائٹ پکڑنی چاہئیے تھی۔ مریم اورنگ زیب نے کہا کہ 26نومبر بھی گذرجائے گا اور عمران خان کو کہیں سے کوئی تائید نہیں ملے گی۔

اسلام آباد: پاکستان کی وزیراطلاعات ونشریات مریم اورنگ زیب نے کہاہے کہ 26نومبر کی تاریخ پی ٹی آئی سربراہ عمران خان کے تماشہ کے اختتام کی تاریخ ہوگی۔ عمران خان نے 26نومبر کو اپنے حامیوں کو راولپنڈی پہنچنے کی تاریخ دی ہے۔

مریم اورنگ زیب نے کہا کہ عمران خان تمہاری سیاست‘سازش اور تماشہ ختم ہوچکا ہے۔ 26نومبرتمہاراتماشہ ختم ہونے کی تاریخ ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کو 26نومبر کو اپنے ورکرس کو راولپنڈی پہنچنے کی ہدایت دینے کے بجائے توشہ خانہ اسکینڈل میں متحدہ عرب امارات اور برطانیہ میں کیسس درج کرانے کی تاریخ کا اعلان کرنا چاہئیے تھا۔

اسلام آباد یا راولپنڈی پہنچنے کے بجائے سابق وزیراعظم کو متحدہ عرب امارات یا برطانیہ کی فلائٹ پکڑنی چاہئیے تھی۔ مریم اورنگ زیب نے کہا کہ 26نومبر بھی گذرجائے گا اور عمران خان کو کہیں سے کوئی تائید نہیں ملے گی۔ دی نیوز نے یہ اطلاع دی۔

 اسی دوران پاکستان لیگ نوازقائد عظمیٰ بخاری نے ہفتہ کے دن ایک نجی نیوزچینل سے گفتگو میں کہا کہ عمران خان کو توشہ خانہ اسکینڈل کے حقائق قوم کو بتانے چاہئیں کیونکہ انہوں نے ایک گھڑی کافی اونچے دام پر فروخت کی۔