کھیل

ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کیلئے پاکستانی اسکواڈ کا اعلان

آئی سی سی مینز ٹی ٹونٹی ورلڈکپ اور انگلینڈ کے خلاف سیریز کیلئے پاکستانی کرکٹ ٹیم کے اسکواڈ کا اعلان کردیا گیا۔

لاہور: آئی سی سی مینز ٹی ٹونٹی ورلڈکپ اور انگلینڈ کے خلاف سیریز کیلئے پاکستانی کرکٹ ٹیم کے اسکواڈ کا اعلان کردیا گیا۔

اسکواڈ کا اعلان چیرمین سلیکشن کمیٹی محمد وسیم نے لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔ ٹیم کے 15 کھلاڑیوں پر مشتمل اسکواڈ میں بابراعظم کو کپتان جبکہ شاداب خان کو نائب کپتان رکھا گیا ہے۔

یہ ایونٹ 16 اکتوبر سے 13 نومبر تک آسٹریلیا میں کھیلا جائے گا۔ سلیکٹرز نے فخر زمان اور شاہین شاہ آفریدی کے سوا ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کیلئے اعلان کردہ تمام کھلاڑیوں کو انگلینڈ کے خلاف سیریز میں شامل کیاہے۔ فخر زمان گھٹنے میں تکلیف کے باعث انگلینڈ کے خلاف سیریز کیلئے دستیاب نہیں ہیں۔

آل راؤنڈر عامر جمال اور اسپنر ابرار احمد کو بھی انگلینڈ کے خلاف 7 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میاچس کیلئے اسکواڈ میں رکھا گیاہے۔ محمد وسیم نے بتایاکہ ورلڈ کپ میں پاکستان اپنا پہلا میچ ہندوستان کے خلاف 23 اکتوبر کو کھیلے گا۔ اسی طرح پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان 7 عدد ٹی ٹونٹی میچوں کی سیریز 20 ستمبر سے شروع ہو گی۔

نیشنل اسٹیڈیم کراچی ابتدائی چار میچوں کی میزبانی کرے گا۔ قذافی اسٹیڈیم لاہور میں 28، 30 ستمبر اور 2 اکتوبر کو میچ ہوں گے۔ انہوں نے بتایاکہ ہمیں اس ٹیم نے مجموعی طورپر بہت خوشیاں دی ہیں۔

اسکواڈ اس طرح ہے۔ بابراعظم (کپتان)‘ شاداب خان (نائب کپتان)‘ آصف علی، حیدر علی، حارث رؤف، افتخار احمد، خوشدل شاہ، محمد رضوان (وکٹ کیپر)، محمد حسنین، محمد نواز، محمد وسیم جونیئر، نسیم شاہ، شاہین شاہ آفریدی، شان مسعود اور عثمان قادر شامل ہیں۔ فخر زمان، محمد حارث (وکٹ کیپر) اور شاہنواز دھانی ٹریول ریزرو کی حیثیت سے سفر کریں گے۔ واضح رہے کہ ایونٹ میں روایتی حریفوں ہندوستان اور پاکستان کے درمیان 23 اکتوبر مقابلہ ہونے والا ہے۔