کھیل

پاکستان نے ہندوستان کو 5 وکٹس سے ہرادیا

سلامی بلے باز محمد رضوان اور آل راونڈر محمد نواز کے شاندار مظاہرہ کی مدد سے پاکستان نے ایشیاء کپ 2022 کے سوپر 4 کے ایک میاچ میں ہندوستانی ٹیم کو 5 وکٹس سے شکست دے دی۔

دبئی: سلامی بلے باز محمد رضوان اور آل راونڈر محمد نواز کے شاندار مظاہرہ کی مدد سے پاکستان نے ایشیاء کپ 2022 کے سوپر 4 کے ایک میاچ میں ہندوستانی ٹیم کو 5 وکٹس سے شکست دے دی۔

پاکستان کو جیت کیلئے 182 رنوں کی ضرورت تھی جو اس نے 5 وکٹس کھوکر 19.5 اوورس میں بنالئے۔ پاکستان کیلئے ایک مرتبہ پھر رضوان نے شاندار بیاٹنگ کی۔ رضوان نے 51 گیندوں میں 6 چوکوں اور 2 چھکوں کی مدد سے 71 رن بنائے جبکہ محمد نواز نے 20 گیندوں میں 6 چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے 42 رن بنائے۔

آخری اوورس میں خوشدل خاہ اور آصف علی نے ذمہ دارانہ بیاٹنگ کے ذریعہ ٹیم کی کامیابی کو یقینی بنایا۔ خوشدل شاہ 14 رن پر ناٹ آؤٹ رہے جبکہ آصف علی 16 رن بناکر آؤٹ ہوئے۔ کپتان بابراعظم 14 اور فخر زمان نے 15 رن اسکور کئے۔ افتخار احمد بھی 2 رن بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔

ہندوستان کی جانب سے بھونیشور کمار‘ ارشدیپ سنگھ‘ روی بشنوئی‘ ہاردیک پانڈیا اور چہل نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ ہندوستانی ٹیم کا آئندہ مقابلہ منگل کو افغانستان سے ہوگا۔ قبل ازیں ٹیم انڈیا نے ٹاس ہارنے کے بعد پہلے بیاٹنگ کرتے ہوئے سابق کپتان ویراٹ کوہلی کی نصف سنچری کی مدد سے 181 رن بنائے۔ اوپنرس کے ایل راہول اور کپتان روہت نے پہلی وکٹ کیلئے 54 رنوں کی جارحانہ شروعات کی۔

روہت اور راہول دونوں 28, 28 رن بناکر آؤٹ ہوئے۔ سابق کپتان ویراٹ کوہلی نے آج کسی قدر شاندار بیاٹنگ کرتے ہوئے 44 گیندوں میں چار چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 60 رن بنائے۔ ٹاپ 3 کے بعد کوئی بھی بلے باز قابل قدر اسکور نہیں کرپایا جس کی وجہ سے ٹیم انڈیا اچھی شروعات کے باوجود بڑا اسکور کرنے میں ناکام رہی۔

دیگر کھلاڑیوں میں سوریا کمار یادو 13‘ پنت 14‘ ہاردیک پانڈیا صفر اور دیپک ہوڈا 16 رن بناکر آؤٹ ہوئے جبکہ بھونیشور بغیر کوئی رن بنائے اور روی بشنوئی 8 رن بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔ پاکستان کی جانب سے شاداب خان نے 2 جبکہ نسیم شاہ‘ محمد حسنین‘ حارث رؤف اور محمد نواز نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔