سوشیل میڈیاکھیل

پرتھوی شا نے مجھے سینے اور بازو پر مارا: سوشل میڈیا اسٹار

سوشل میڈیا اسٹار سپنا گِل نے گرفتاری کے بعد عدالت میں بیان دیا ہے کہ پرتھوی شا نے انہیں مارا ہے جبکہ معافی مانگتے ہوئے یہ بھی کہا ہے کہ پولیس میں شکایت مت کرو۔

دہلی: انڈین کرکٹر پرتھوی شا کے دوست کی گاڑی پر حملے اور لڑائی جھگڑے کے کیس میں نئی پیشرفت سامنے آئی ہے۔ ہندوستان ٹائمز کے مطابق واقعے میں ملوث سوشل میڈیا اسٹار سپنا گِل نے گرفتاری کے بعد عدالت میں بیان دیا ہے کہ پرتھوی شا نے انہیں مارا ہے جبکہ معافی مانگتے ہوئے یہ بھی کہا ہے کہ پولیس میں شکایت مت کرو۔

عدالت میں کارروائی کے دوران سپنا کی جانب سے درخواست کی گئی کہ ان کے بیان کو بھی سنا جائے جس کے بعد وہ کہتی ہیں کہ ’مجھے پرتھوی شا نے بازو اور سینے پر مارا ہے۔ ہم وہاں پر اس وجہ سے موجود رہے کہ ہم پولیس کی مدد حاصل کر سکیں۔ وہ سات سے آٹھ لوگ تھے جبکہ ہم صرف دو تھے۔‘

سوشل میڈیا اسٹار نے کہا کہ ’پرتھوی شا اور ان کے دوستوں نے اُن سے پولیس میں شکایت نہ کروانے کو کہا اور پھر وہ معافی مانگ کر وہاں سے چلے گئے۔‘ سیلفی بنوانے کے معاملے پر وہ کہتی ہیں کہ ’میں انہیں نہیں جانتی نہ میں نے انہیں کبھی دیکھا ہے، میں نے ان سے کبھی سیلفی کو نہیں کہا۔‘

اس کے علاوہ سپنا گِل نے پرتھوی شا اور ان سے دوست سے معاملے رفع دفع کرنے کے لیے 50 ہزار روپے لینے کے الزام کو بھی مسترد کر دیا۔ سپنا گِل کے مطابق وہ اپنے دوستوں کے ساتھ پرتھوی شا کی ہوٹل میں آمد سے پہلے ہی وہاں وی آئی پی لاؤنج میں پارٹی کر رہی تھیں۔

وہ وہاں اپنے کسی بزنس مین دوست کے ساتھ ڈِنر کرنے گئی تھیں جس کے بعد یہ ناخوشگوار واقعہ ہوا۔ دوسری جانب عدالت نے کارروائی کے بعد سپنا گِل کو 20 فروری تک پولیس کے حوالے کر دیا ہے۔

خیال رہے چہارشنبہ کو کرکٹر پرتھوی شا کے دوست کی کار پر کچھ افراد کی جانب سے حملے کی خبر آئی تھی کہ پرتھوی شا اپنے دوستوں کے ہمراہ ممبئی کے فائیو اسٹار ہوٹل میں موجود تھے جہاں موجود کچھ افراد نے اُن سے سیلفیاں بنوانے کا مطالبہ کیا جس پر کھلاڑی نے دو سیلفیاں بنوانے کے بعد مزید سے انکار کر دیا۔

پرتھوی شا کی جانب سے مزید سیلفیاں بنوانے کے انکار کے بعد اُن افراد کو غصہ آ گیا اور انہوں ںے ہوٹل کے باہر کھڑی بیٹر کے دوست کی گاڑی کے شیشوں کو بیس بال بیٹ  سے توڑ دیا۔ پرتھوی شا کے دوست کی جانب سے یہ الزام لگایا گیا کہ مشتعل افراد نے ان کی کار کے شیشے توڑنے کے ساتھ ساتھ پرتھوی شا کی گاڑی کا تعاقب بھی کیا۔