پنت کے حادثہ پر کپل دیو کا نوجوان کرکٹرس کو مشورہ
ہندوستانی ٹیم کے ورلڈ کپ فاتح سابق کپتان کپل دیو نے رشبھ پنت کے کار حادثہ میں زخمی ہونے پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ پنت کو خود کار چلانے کی ضرورت نہیں ہے وہ اتنے اہل ہیں کہ ایک ڈرائیور رکھ سکتے ہیں۔

نئی دہلی: ہندوستانی ٹیم کے ورلڈ کپ فاتح سابق کپتان کپل دیو نے رشبھ پنت کے کار حادثہ میں زخمی ہونے پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ پنت کو خود کار چلانے کی ضرورت نہیں ہے وہ اتنے اہل ہیں کہ ایک ڈرائیور رکھ سکتے ہیں۔
کپل دیو کے مطابق پنت کو خود ذمہ داری سمجھنی ہوگی اور اپنا خیال خود رکھنا ہوگا۔ کپل دیو نے کہا کہ آپ کے پاس ایک شاندار کار ہے جس کی رفتار کافی زبردست ہے لیکن آپ کو محتاط رہنا ہوگا۔
آپ اتنے اہل ہیں کہ آسانی سے ڈرائیور رکھ سکتے ہیں۔ آپ کو تنہا گاڑی چلانے کی ضرورت نہیں ہے۔ میں سمجھتا ہوں کہ ڈرائیو کرنا کسی کسی کا شوق ہوتا ہے۔
اس عمر میں یہ سب ہونا فطری ہے لیکن آپ کو اپنی ذمہ داری بھی سمجھنی چاہیے۔ صرف آپ ہی خود کا خیال رکھ سکتے ہیں۔ آپ کو اپنے لیے خود فیصلہ کرنا ہوگا۔“
کپل دیو نے خود کے ساتھ ہوئے ایک حادثے کو بھی یاد کیا۔ انہو ں نے کہا کہ جب میں کرکٹ میں نیا نیا تھا، میری بائیک حادثہ کا شکار ہوگئی تھی اور اس دن کے بعد سے میرے بھائی نے مجھے کبھی موٹربائیک کو چھونے نہیں دیا۔ بھگوان کا شکر ہے کہ رشبھ پنت محفوظ ہیں۔“