کھیل

پی سی بی کو ورلڈکپ کاؤنٹ ڈاؤن پوسٹر میں بابر کی کمی کھٹکنے لگی

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کو آئی سی سی ٹی20 ورلڈ کپ کے کاؤنٹ ڈاؤن پوسٹر میں پاکستانی ٹیم کے کپتان اور رینکنگ میں پہلے نمبر پر براجمان بابراعظم کی کمی کھٹکنے لگی۔

لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کو آئی سی سی ٹی20 ورلڈ کپ کے کاؤنٹ ڈاؤن پوسٹر میں پاکستانی ٹیم کے کپتان اور رینکنگ میں پہلے نمبر پر براجمان بابراعظم کی کمی کھٹکنے لگی۔

میگا ایونٹ میں 100 دن باقی رہ جانے پر ملبورن میں تقریب کے ساتھ ٹرافی کے ٹور کا بھی آغاز کردیا گیاہے جبکہ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے سوشل میڈیا پر بھی تصاویر اور پیغامات جاری کیے ہیں۔

آئی سی سی کی جانب سے سوشل میڈیا پر شیئرکیے گئے ایک پوسٹر میں گلین میکسویل، راشد خان، شکیب الحسن اور شاہین شاہ آفریدی کے بشمول دیگر کرکٹرز موجود ہیں۔

آؤٹ آف فارم ویراٹ کوہلی کو ہندوستان نے انگلینڈ کے خلاف گزشتہ ٹی20 میچ سے ہی ڈراپ کردیا تھا، حیران کن طورپر ان کی تصویر بھی شامل ہے تاہم اس فارمیٹ میں عالمی نمبر ون بیٹر بابراعظم کو نگاہیں تلاش کرتی ہی رہ گئیں۔

سماجی رابطوں کی سائٹ پر آئی سی سی کے پوسٹر پر بابراعظم اور محمد رضوان کی تصاویر نہ ہونے پر شائقینِ کرکٹ نے شدید ردعمل کا اظہار کیاہے۔