کھیل

ہندوستان نے آسٹریلیا کو 5 وکٹ سے ہرادیا

میان آف دی میاچ رویندر جڈیجہ کے آل راونڈ مظاہرہ اور کے ایل راہول کی شاندار نصف سنچری کی مدد سے ہندوستان نے پہلے ونڈے میں آسٹریلیا کو 5 وکٹ سے شکست دے دی۔

ممبئی: میان آف دی میاچ رویندر جڈیجہ کے آل راونڈ مظاہرہ اور کے ایل راہول کی شاندار نصف سنچری کی مدد سے ہندوستان نے پہلے ونڈے میں آسٹریلیا کو 5 وکٹ سے شکست دے دی۔ اس طرح 3 میاچس کی سیریز میں ٹیم انڈیا کو ایک صفر کی سبقت حاصل ہوئی۔

متعلقہ خبریں
محمد سمیع کے بھائی محمد کیف کا ایک اور یادگار مظاہرہ
رشبھ پنت ایر لفٹ کے ذریعہ امبانی ہاسپٹل منتقل
محمد سمیع کے انٹرنیشنل کرکٹ میں 400 وکٹ پورے

ہندوستان کو جیت کیلئے 189 رنوں کی ضرورت تھی جو اس نے 39.5 اوورس میں بنالئے۔ چھوٹے نشانہ کا پیچھا کرنے والی ٹیم انڈیا نے ایک موقع پر محض 39 رنوں پر اپنے 4 وکٹ گنوادیئے تھے تاہم کے ایل راہول اور کپتان ہاردیک پانڈیا نے پانچویں وکٹ کیلئے 44 رنوں کی شراکت داری کے ذریعہ ٹیم کو 83/5 تک پہنچایا۔

تاہم اس کے بعد راہول اور جڈیجہ نے ٹیم کو مزید کوئی نقصان پہنچائے بغیر جیت دلادی۔ راہول اور جڈیجہ نے چھٹی وکٹ کیلئے 108 رنوں کی ناقابل شکست شراکت داری کی۔ کے ایل راہول 91 گیندوں میں 7 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 75 جبکہ جڈیجہ 69 گیندوں میں 5 چوکوں کی مدد سے 45 رن بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔

آسٹریلیا کی جانب سے مچل اسٹارک نے شاندار بولنگ کرتے ہوئے 3 جبکہ مارکس اسٹاونس نے 2 وکٹ حاصل کئے۔ قبل ازیں آسٹریلیا کی ٹیم پہلے بیاٹنگ کرتے ہوئے محمد سمیع اور محمد سراج کی شاندار بولنگ کے باعث محض 188 رن بناکر آؤٹ ہوگئی۔

مہمان ٹیم ایک موقع پر 129/3 کے ساتھ بہتر موقف میں تھی تاہم اس نے محض 59 رنوں کے اضافہ پر اپنے 7 وکٹ گنوادیئے۔ اوپنر ہیڈ 5 رن بناکر آؤٹ ہوئے جس کے بعد مچل مارچ اور کپتان اسٹیو اسمتھ نے دوسری وکٹ کیلئے 72 جبکہ مارش اور لبوشین نے تیسری وکٹ کیلئے 52 رنوں کی شراکت داری کی۔

لیکن دوسرے بلے باز ہندوستانی گیندبازوں کے سامنے ڈھیر ہوگئے۔ اس دوران مارش نے 65 گیندوں میں 10 چوکوں اور 5 چھکوں کی مدد سے 81 رن بنائے۔ دیگر کھلاڑیوں میں اسمتھ 22‘ لبوشین 15‘ جوش انگلس 26‘ کیمرون گرین 12 اور گلین میکسویل 8 رن بناکر آؤٹ ہوئے۔

آسٹریلیا کے 6 کھلاڑی دوہرے ہندسے کو بھی عبور نہیں کرپائے۔ ہندوستان کی جانب سے فاسٹ بولرس محمد سمیع اور محمد سراج نے شاندار بولنگ کرتے ہوئے 3,3‘ آل راونڈر رویندر جڈیجہ نے 2 جبکہ کپتان ہاردیک پانڈیا اور کلدیپ یادو نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔ دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز کا دوسرا ونڈے چہارشنبہ 22 مارچ کو کھیلا جائے گا۔