سوشیل میڈیا

ایک موٹر سائیکل اور پانچ سوار، پولیس نے شیئر کی پہلے اور بعد کی تصاویر

مرادآباد پولیس کے ٹویٹر اکاؤنٹ پر ایک پوسٹ میں پہلے اور بعد کے عنوان سے تصویریں دیکھی جاسکتی ہیں جنہیں پولیس نے لوگوں کو قانون کی خلاف ورزی پر انتباہ دینے کے لئے جاری کیا ہے۔

مرادآباد: اتر پردیش کی مراد آباد پولیس نے 5 افراد کے خلاف کارروائی کی جب ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوا جس میں انہیں ایک ہی موٹر سائیکل پر سوار دکھایا گیا تھا۔

پولیس نے انہیں حراست میں لے لیا، ان کی موٹر سائیکل ضبط کر لی اور موٹر وہیکل ایکٹ کی خلاف ورزی کرنے پر 6,500 روپے کا چالان بھی جاری کیا۔

مرادآباد پولیس کے ٹویٹر اکاؤنٹ پر ایک پوسٹ میں پہلے اور بعد کے عنوان سے تصویریں دیکھی جاسکتی ہیں جنہیں پولیس نے لوگوں کو قانون کی خلاف ورزی پر انتباہ دینے کے لئے جاری کیا ہے۔

ہندوستانی سڑکوں پر عجیب و غریب اسٹنٹ کافی عام ہیں۔ روزانہ کی بنیاد پر، ایک گاڑی پر کئی لوگوں کا سفر کرنا معمول بن گیا ہے۔

تاہم، ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی اور گاڑی پر زیادہ بوجھ ڈالنا سواری کے ساتھ ساتھ سڑک پر موجود دیگر افراد کے لئے بھی جان لیوا ثابت ہو سکتا ہے۔

یہ ویڈیو اتر پردیش کے مراد آباد سے وائرل ہوا ہے جبکہ ایک شخص نے ان پانچ لوگوں کا ویڈیو بنایا تھا جو ایک ہی موٹر سائیکل پر سوار تھے۔

https://twitter.com/IndiaObservers/status/1597124842356019200

جس شخص نے ویڈیو شوٹ کیا وہ موٹر سائیکل پر سوار مردوں سے بات کرتے ہوئے بھی نظر آتا ہے، اور چیخ کر کہہ رہا ہے، ایک پہ پانچ۔ دریں اثنا، موٹر سائیکل پر سوار مرد مسکراتے ہوئے نظر آتے ہیں اور ایسا لگتا ہے وہ اسے انجوائے کررہے ہیں۔

ویڈیو وائرل ہونے کے بعد مقامی پولیس نے پانچوں کی شناخت کرکے انہیں گرفتار کرلیا اور سلاخوں کے پیچھے ان کی تصویر لے کر اپنے ٹویٹر اکاؤنٹ پر بھی شیئر کی۔

چونکہ ویڈیو میں موٹرسائیکل کی نمبر پلیٹ دکھائی دے رہی تھی اس لئے پولیس ان افراد کی آسانی سے شناخت کرنے میں کامیاب رہی اور فوری کارروائی کی گئی۔