کھیل

آئی پی ایل میں انتخاب پر عبدالباسط کے گھر جشن

آئی پی ایل نے بہت سے نوجوان کھلاڑیوں کو ایک پلیٹ فارم دیا ہے۔ آئی پی ایل سے ہی کئی نئے چہروں نے اپنی الگ پہچان بنائی۔ اب ایسی ہی کوشش کیرالہ کے عبدالباسط کررہے ہیں جو آئی پی ایل 2023 میں راجستھان رائلز کی نمائندگی کریں گے۔

آئی پی ایل نے بہت سے نوجوان کھلاڑیوں کو ایک پلیٹ فارم دیا ہے۔ آئی پی ایل سے ہی کئی نئے چہروں نے اپنی الگ پہچان بنائی۔ اب ایسی ہی کوشش کیرالہ کے عبدالباسط کررہے ہیں جو آئی پی ایل 2023 میں راجستھان رائلز کی نمائندگی کریں گے۔

حال ہی میں کوچی میں منعقد آئی پی ایل 2023 کی منی نیلامی میں اس 24 سالہ کھلاڑی کو سنجو سیمسن کی ٹیم نے 20 لاکھ روپے کی بنیادی قیمت پر خریدا۔ باسط نے بھی آئی پی ایل ڈیبیو کی تیاری کرلی ہے۔ دھماکہ خیز مڈل آرڈر بلے باز نے اس سال سید مشتاق علی ٹرافی میں کیرالہ کیلئے ڈیبیو کیا اور اپنے ڈیبیو سیزن میں ہی انہوں نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔

باسط نے سیمسن کی کپتانی میں ڈیبیو کیا اور کپتان کو متاثر کرنے میں کامیاب رہے۔ اسی وجہ سے باسط کو راجستھان رائلز میں لانے میں سیمسن نے بھی اہم کردار ادا کیا۔ اپنے نئے سفر کو یادگار بنانے کیلئے عبدالباسط نے پسینہ بھی بہانا شروع کردیا ہے۔

باسط کیلئے بھی یہاں تک پہنچنا آسان نہیں تھا۔ اس کے والد کیرالہ اسٹیٹ روڈ ٹرانسپورٹ کارپوریشن میں بس ڈرائیور ہیں۔ باسط نیلامی سے اتنا گھبرا گئے تھے کہ جب کوچی میں بولی شروع ہوئی تو وہ گھر سے باہر چلے گئے تھے۔ جب وہ گھر واپس آئے تو گھر والے کیک لیکر ان کا انتظار کررہے تھے۔

والد اس وقت ملازمت پر تھے اور اس وجہ سے وہ جشن میں شریک نہ ہوسکے۔ باسط نے صرف 3 ماہ قبل لسٹ اے اور ٹی 20 کرکٹ میں کیرالہ کیلئے ڈیبیو کیا تھا۔ انہوں نے اب تک صرف 8 ٹی ٹوئنٹی میچ کھیلے ہیں اور 149.31 کے اسٹرائیک ریٹ سے 109 رنز بنائے ہیں۔

باسط نے آئی پی ایل نیلامی سے قبل نئی فرنچائزز کے سلیکشن ٹرائلز میں حصہ لیا اور وہاں کی فرنچائزز کو بھی اپنی شاندار کارکردگی سے متاثر کیا۔ انہوں نے کہاکہ وہ اس موقع سے فائدہ اٹھانے کی ہرممکن کوشش کریں گے۔